ٹی 20 بلاسٹ میں شامل اسامہ میر، زمان خان اور نسیم شاہ نے اپنی کاؤنٹیز کی جانب سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا
انگلینڈ میں جاری ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے نمایاں اور ذمے دارانہ پرفارمنسز دکھانے کا سلسلہ جاری ہے۔ قومی ٹیم کے آل رائونڈر اسامہ میر، زمان خان اور فاسٹ بولر نسیم شاہ نے اپنی کاؤنٹیز کی جانب سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
وورسسٹر شائر کے اسامہ میر نے لیسٹرشائر کے خلاف زبردست آل راؤنڈ کارکردگی دکھائی، اسامہ میر نے بلے بازی کے دوران 15 گیندوں پر 32 رنز بنائے جبکہ اس کے بعد جب وہ بالنگ کے لیے آئے تو 33 رنز دے کر 2 وکٹیں بھی لیں۔
اس ہی میچ میں لیسٹرشائر کے پیسر نسیم شاہ نے 32 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ نارتھمپٹن شائر کے خلاف کھیلتے ہوئے ڈربی شائر کے زمان خان نے نپی تلی بولنگ کی، انہوں نے 3 اوورز میں 17 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ زمان خان نے 18 میں سے 11 گیندیں ڈاٹ بالز کرائیں۔
ڈربی شائر کی جانب سے کھیلنے والے حیدر علی نے صرف 11 رنز بنائے جبکہ ڈرہم کے خلاف ناٹنگھم شائر کے شاہین آفریدی نے 39 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔