نوجوان پاکستانی بالر نے اپنی تیز رفتار بالنگ سے آسٹریلوی بلے بازوں پر دھاک بٹھادی
پاکستان کے 16 سالہ تیز رفتار بالر نسیم شاہ نے پرتھ میں کھیلے گئے پریکٹس میچ میں اپنی عمدہ بالنگ سے آسٹریلوی بلے بازوں پر دھاک بٹھا دی۔ پاکستان اور آسٹریلیا اے کے درمیان کھیلے جانے والے اس میچ میں نسیم شاہ نے اپنی شاندار گیند بازی سے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے۔
نسیم شاہ کی گیندیں تیز رفتار ہونے کے ساتھ ساتھ لائن اور لینتھ میں بھی شاندار تھیں۔ اپنے دوسرے اوور میں نسیم شاہ نے ایسی پرفیکٹ بال کرائی جو بلے سے مِس ہوئی اور وکٹ کے انتہائی قریب سے گزری جس نے گرائونڈ اور گرائونڈ سے باہر بیٹھے تماشائیوں میں سنسنی پھیلادی۔ اس کے بعد نسیم شاہ نے اپنے تیز رفتار بائونسرز سے آسٹریلوی بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچایا۔۔ بلے باز عثمان خواجہ ان کے تیز رفتار بائونسر کو کھیلنے کی کوشش میں کیچ آئوٹ ہوئے۔ وکٹ حاصل کرنے کے بعد نسیم شاہ کے اعتماد میں مزید اضافہ نظر آیا اور اپنے پورے اسپیل میں انہوں نے توانائی سے بھرپور شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا۔
نسیم شاہ کی ایسی ہی ایک تیز رفتار گیند کو کھیلنے کی کوشش میں مارکوس ہیرس کیچ دے بیٹھے جسے فرسٹ سلپ میں کھڑے فیلڈر حارث سہیل بدقسمتی سے پکڑ نہ پائے اور کیچ ڈراپ ہوگیا۔
تاہم نوجوان بالر نے ہمت نہ ہاری اور اپنی تیز رفتار گیند بازی برقرار رکھی جس کے نتیجے میں وہ بالآخر ہیرس کی وکٹ لینے میں کامیاب ہوگئے۔
گرائونڈ میں بیٹھے شائقین اور دنیا بھر میں یہ میچ دیکھنے والوں نے نسیم شاہ کی شاندار بالنگ کو خواب سراہا اور ان کی تیز رفتار گیندیں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگیں۔
اس سے پہلے نسیم شاہ پاکستان میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں فقط 6 میچز میں 26 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جس کے باعث ان کی دورہ آسٹریلیا میں قومی ٹیم کا حصہ بننے کی راہ ہموار ہوئی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کا یہ نوجوان بالر ملک کے لیے فخر کا باعث بن سکتا ہے۔
🔥 Smoke! 🔥
— cricket.com.au (@cricketcomau) November 13, 2019
16-year-old Naseem Shah impressed with his serious pace against the Australia A top order. #AUSAvPAK pic.twitter.com/tHx9XEK9BS