جارحانہ بلے باز افتخار احمد کے بعد نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ بھی گلیڈی ایٹرز کو چھوڑ گئے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے انعقاد کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں، پی ایس ایل کی معروف فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ نے دو کھلاڑیوں کے بدلے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو حاصل کرلیا۔
گزشتہ دنوں سے جاری کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی فرنچائزز کے درمیان ٹریڈ مکمل ہوگئی، جس کی تصدیق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آفیشنل ٹوئٹر (ایکس) اکاؤنٹ پر بھی کردی گئی۔
فاسٹ بولر نسیم شاہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جگہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بن گئے ہیں جبکہ اسلام آباد کے لیے کافی عرصے سے کھیلنے والے وسیم جونیئر اور ابرار احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل ہوگئے ہیں۔
نسیم شاہ نے اس حوالے سے انسٹاگرام پر بھی پوسٹ شیئر کی جس کے کیپشن میں لکھا کہ ‘اگلی منزل، اسلام آباد’۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 9 کیلئے پلیئر ڈرافٹ بدھ 13 دسمبر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوگا تاہم تقریب کے وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔