راولپنڈی: نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں فاسٹ بولر نسیم شاہ نے ایک نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔
قومی ٹیم کے نوجوان پیسر نسیم شاہ کیریئر کے ابتدائی 6 ون ڈے میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔ 6 میچوں میں ان کی حاصل کردہ وکٹوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں انہوں نے 2 وکٹیں حاصل کرکے کیوی فاسٹ بولر میٹ ہینری کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ میٹ ہینری نے کیریئر کے ابتدائی 6 ون ڈے میچوں میں 19 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
راولپنڈی میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں نسیم شاہ نے بیٹنگ کے لیے سازگار پچ پر شان دار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کیوی بیٹرز کو کھل کر نہ کھیلنے دیا اور مقررہ 10 اوورز میں صرف 29 رنز دے کر 2 اہم وکٹیں حاصل کیں۔
نسیم شاہ کی شاندار بولنگ کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ ٹیم میں شامل دوسرے فاسٹ بولرز کیوی بیٹرز کے سامنے جدوجہد کرتے دکھائی دیے۔
نسیم شاہ 30 سے کم رنز دینے والے واحد پاکستانی بولر تھے اور ان کا اکانومی ریٹ بھی تمام بولرز میں سب سے کم 2.90 تھا۔