ایک سال قبل بھی نسیم شاہ نے فاروقی کے اوور میں2 چھکے لگاکر پاکستان کو میچ جتوایا تھا۔
افغانستان کے خلاف سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں ایک بار پھر نسیم شاہ نے فضل الحق فاروقی کے آخری اوور میں شاندار بلے بازی کرکے پاکستان کو میچ جتوادیا۔
اس سے قبل 7 سمتبر 2022 کو ایشیاکپ کے اہم میچ میں نسیم شاہ نے جس کا کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا ایک سال بعد دوبارہ انہوں نے وہی تاریخ دہرادی، میچ میں پاکستان کو جیت کیلئے آخری اوور میں 11 رنز درکار تھے اور افغان بولر فضل الحق فاروقی نے شاداب خان کو نان اسٹرائیک اینڈ پر منکڈ رن آؤٹ کیا اور یوں وہ 48 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
نسیم شاہ انتہائی مشکل صورتحال میں 2 چوکوں کی مدد سے 10 رنز بناکر ایک بار پھر مرد بحران ثابت ہوئے اور پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔
گزشتہ سال 2022 کے ایشیاکپ ٹی20 میچ میں بھی ایسا ہی ہوا تھا، آخری اوور میں پاکستان کو جیت کے لیے 11 رنز درکار تھے اور بولر تھے فضل الحق فاروقی لیکن یہاں بھی نسیم شاہ بیٹر تھے انہوں نے دو گیندوں پر لگاتاردو چھکے لگاکر پاکستان کو فتح دلوائی تھی۔
دونوں بار ایک ہی بولر کے جیت کے خواب کو ڈراؤنے خواب میں تبدیل کرنے کے بعد نسیم شاہ کے جشن منانے کے انداز میں بھی کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے افغانستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔
پاکستان کو ون ڈے سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے، پاکستان نے پہلے میچ میں حریف ٹیم کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 142 رنز سےکامیابی حاصل کی تھی۔