میچ کے بعد نسیم شاہ اور رحمان اللہ گرباز آپس میں گپ شپ کرتے دکھائی دیے۔
لنکا پریمیئر لیگ میں کولمبو اسٹرائیکرز کی جانب سے کھیلنے والے پاکستانی پیسر نسیم شاہ نے پہلے ہی میچ میں ماحول کو گرما دیا۔
جافنا کنگز اور کولمبو اسٹرائیکرز کے درمیان ہونے والے مقابلے میں پاکستانی پیسر نسیم شاہ نے کافی متاثر کن بولنگ کی، خاص طور پر انھوں نے جافنا کی جانب سے کھیلنے والے افغان اوپنر رحمان اللہ گرباز کو آؤٹ کرنے کے بعد والہانہ انداز میں جشن منایا۔
جب افغان بیٹر نسیم شاہ کے قریب سے گزرنے لگے تو انھوں نے کوئی جملہ بھی کسا تاہم گرباز نے تنازع چھیڑنے کے بجائے ڈگ آؤٹ کی جانب قدم بڑھا دیے۔
میچ کے بعد نسیم شاہ اور رحمان اللہ گرباز آپس میں گپ شپ کرتے دکھائی دیے، دونوں ہی کے چہرے پر مسکراہٹ تھی۔
میچ کے بعد ایک ایک یوٹیوب چینل سے بات چیت کرتے ہوئے نسیم شاہ نے کریز پر اپنے اور گرباز کے درمیان ہونے والی بات چیت کی تفصیلات بتائیں۔ تاہم، نسیم شاہ نے سوشل میڈیا کے دور کی حقیقت کو تسلیم کیا، جہاں چیزوں کو حقیقت کے برعکس ایک الگ رخ دیا جا سکتا ہے۔
نسیم شاہ نے کہا کہ "گرباز میرا اچھا دوست ہے۔ جب میچ شروع ہوا تو ہم نے ایک دوسرے کو دوستانہ انداز میں مذاق کیا اور ایک دوسرے کو چیلنج کیا جیسا کہ دوست کرتے ہیں۔ اس نے مجھے چھکا لگایا اور بعد میں، میں نے اسے بتایا کہ میں نے اس چھکے کے بدلے میں اس کی وکٹ لی۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے سے خوشگوار موڈ میں بات ہوئی اور ہم ہمیشہ سے اچھے دوست ہیں۔
میدان میں ہونے والی اس قسم کی زبانی جھڑپوں کے باوجود، نسیم اور گرباز، میچ کے بعد، خوشگوار انداز میں ملے اور دوستانہ انداز میں گفتگو میں مصروف رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "یہ سب کرکٹ کے جوش و جذبے کا ایک حصہ ہے جو اکثر ہوتا ہے۔ وہ گزرنے سے پہلے مجھ پر مسکرایا۔ جب آپ ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں تو ٹی وی پر چیزیں مختلف نظر آتی ہیں۔ تو ایسا لگتا تھا کہ آپ دوستوں کے ساتھ سنگل وکٹ کھیل رہے ہیں۔ ایسا نہیں ہے، کیونکہ میدان میں ہار جیت کا فیصلہ ہونا ہوتا ہے تو جوش و خروش بھی نظر آتا ہے۔ تاہم انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ہم دونوں اچھے دوست ہیں"
واضح رہے کہ کولمبو اسٹرائیکرز نے نیلامی سے قبل ہی بابر اعظم اور نسیم شاہ کو سائن کرلیا تھا، جب کہ افتخار احمد، وہاب ریاض اور محمد نواز کو بالترتیب 50,000 ڈالر، 40,000 ڈالر اور 30,000 ڈالر میں خریدا تھا۔