پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر نسیم شاہ کی لندن میں کاندھے کی سرجری ہوگئی ہے، وہ 4 سے 6 ہفتے مکمل آرام کریں گے۔
قومی ٹیم کے جواں سال پیسر نسیم شاہ گزشتہ ماہ ایشیا کپ میں بھارت سے ہونے والے مقابلے کے دوران کاندھے کی انجری کا شکارہو کر پہلے ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ سے بھی باہر ہوگئے تھے۔
بھارت میں 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ آئی سی سی ورلڈ کپ سے مکمل طور پر باہر ہو جانے والے پاکستانی ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر نسیم شاہ کے کندھے کی کامیاب سرجری کر دی گئی ہے۔ نسیم شاہ کی کاندھے کی سرجری انگلینڈ میں ہوئی ہے جس کے بعد وہ 4 سے 6 ہفتے تک مکمل بیڈ ریسٹ کریں گے اور ری ہیب مکمل کرنے کے بعد دوبارہ کرکٹ کے میدان میں جلوہ گر ہونے کے لیے تیار ہوں گے۔
واضح رہے کہ نسیم شاہ کی کاندھے کی سرجری ماہر ڈاکٹروں نے تجویز کی تھی جن کی ہدایت پر فوری عمل کرتے ہوئے پی سی بی نے اپنے اہم بولر کے کیریئر اور جلد صحتیابی کے لیے فوری قدم اٹھایا اور اب طبی عملے نے بتایا ہے کہ نسیم شاہ کے کندھے کی کامیاب سرجری ہوگئی ہے۔
دوسری جانب نسیم شاہ کی جگہ سینیئر بولر حسن علی کو ورلڈ کپ کے 15 رکنی قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے تاہم ان کی عدم موجودگی میں پاکستان کا خطرناک مانے جانے والا بولنگ اٹیک بھارتی میدانوں میں بے اثر ثابت ہو رہا ہے۔
پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے ہونے والے اپنے دونوں وارم اپ میچز ہار چکی ہے۔ پہلے میچ میں پاکستانی بولرز کی پرفارمنس اچھی نہ رہی، بیٹرز کی جانب سے کیویز کو دیا گیا 346 رنز کے بڑے ہدف کا دفاع کرنے میں بولرز بری طرح ناکام رہے جب کہ دوسرے وارم اپ میچ میں بولرز نے آسٹریلوی ٹیم کو 350 رنز بنانے کا موقع دیا جبکہ قومی ٹیم کے بلے باز ہدف کے تعاقب میں ناکام رہے۔