news
English

لاہور ہائیکورٹ کا کرکٹر ناصر جمشید کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم

پی سی بی نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں ناصر جمشید پر ایک سال کی پابندی عائد کی تھی

لاہور ہائیکورٹ کا کرکٹر ناصر جمشید کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم PHOTO: AFP

ہائیکورٹ نے اسپاٹ فکسنگ میں سزایافتہ کرکٹر ناصر جمشید کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں سابق کرکٹر ناصر جمشید کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے لیے دائر درخواست کی سماعت ہوئی، درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ اسپاٹ فکسنگ میں سزاء کے بعد ناصر جمشید کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا، غیر قانونی طور پر ای سی ایل میں نام شامل کر کے قانون کی خلاف ورزی کی گئی۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے وزارت داخلہ کی جانب سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کی سفارش پر نام ای سی ایل میں ڈالا۔ وکیل ایف آئی اے نے دلائل میں کہا کہ ای سی ایل میں نام ڈالنا وزارت داخلہ کا اختیار ہے، ناصر جمشید کی کوئی انکوائری ایف آئی اے کے پاس زیرالتواء نہیں۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ کرکٹر ناصر جمشید کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے 3 رکنی اینٹی کرپشن ٹربیونل نے اسپاٹ فکسنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ناصر جمشید پر ایک سال کی پابندی عائد کی تھی۔