news
English

قومی کرکٹرز نے بائیوسیکیور ببل جوائن کرلیا

سرفراز کی دوسری رپورٹ کل متوقع،فواد عالم کا دوسرا ٹیسٹ بھی نیگیٹیوآگیا

قومی کرکٹرز نے بائیوسیکیور ببل جوائن کرلیا فوٹو: پی سی بی

دورہ انگلینڈ سے واپس آنے والے 21کرکٹرز بھی قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کی رونقوں کا حصہ بن گئے جب کہ 2 کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد ملتان میں بائیو سیکیور ببل جوائن کرلیا۔

کورونا پروٹوکول کے تحت دونوں ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انگلینڈ سے وطن واپس لوٹنے والے 21 کرکٹرز قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے ملتان میں بنائے گئے بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن گئے ہیں، جہاں انھیں آپس میں ملنے جلنے کی مکمل آزادی ہے، ان کھلاڑیوں میں ناردرن کے محمد عامر، حیدر علی، حارث رؤف اور شاداب، سینٹرل پنجاب کے عابد علی اور نسیم شاہ، سدرن پنجاب کے محمد عباس،خیبرپختونخوا کے شاہین شاہ آفریدی، عثمان شنواری، محمد رضوان، محمد حفیظ، فخر زمان، شعیب ملک، عمران خان سینئر اور افتخار احمد، بلوچستان کے یاسر شاہ، کاشف بھٹی اور امام الحق جبکہ سندھ کے سہیل خان، محمد حسنین اور اسد شفیق شامل ہیں۔

ناردرن کے آل راؤنڈر سہیل تنویر نے بھی بائیو سیکیور ببل کو جوائن کرلیا، سرفراز احمد کے جمعے کو ہونے والے دوسرے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ اتوار کو متوقع ہے جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کا ٹیسٹ گذشتہ شام پی سی بی کے سنٹرل اسٹیشن پر کیا گیا، ان اسکواڈز میں شامل جس فرد کی پہلی رپورٹ مثبت آئی اس کا دوسری بار نتیجہ منفی آگیا ہے، سیلف آئسولیشن میں موجود اس فرد کا تیسرا ٹیسٹ بدھ کو لیا جائے گا۔

ادھر فواد عالم کا دوسرا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے، جس کے بعد انھوں نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں موجود سندھ سیکنڈ الیون اسکواڈ کو جوائن کرلیا ہے۔