news
English

نیشنل ٹی ٹوئینٹی کپ کا ٹائٹل خیبر پختونخوا نے جیت لیا

فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں سدرن پنجاب کو10رنز سے شکست دی۔

نیشنل ٹی ٹوئینٹی کپ کا ٹائٹل خیبر پختونخوا نے جیت لیا فوٹو: پی سی بی

نیشنل ٹی ٹوئینٹی کپ کا ٹائٹل خیبر پختونخوا نے جیت لیا،فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں سدرن پنجاب کو10رنز سے شکست دی،سدرن پنجاب کی ٹیم 207 رنز ہدف کے تعاقب میں8وکٹوں کے نقصان پر196رنز بنا سکی،کے پی کے کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض نے3٫3 وکٹیں حاصل کیں،خیبر پختونخوا کے شعیب ملک کو مین آف دی میچ اور فخر زمان کو ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا.

اتوار کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے17 ویں نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ 2020 کے فائنل میں سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔خیبر پختونخوا کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا،دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 76 رنز کی اوپننگ سٹیڈ فراہم کیا،76رنز کے مجموعی سکور پر کپتان محمد رضوان 30 گیندوں پر 25 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔نئے آنے والے بلے باز محمد حفیظ نے فخر زمان کیساتھ ملکر دوسری وکٹ کیلئے 47 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور ٹیم کا سکور 123 رنز تک پہنچا دیا،اوپنر فخر زمان 67 رنز بنا کر عامر یامین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے،فخرزمان نے 40گیندوں پر 7چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 67رنز سکور کئے۔خیبرپختونخوا کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی افتخار احمد تھے جو صرف ایک رن ہی بنا سکے انہیں زاہد محمود نے آؤٹ کیا۔محمدحفیظ اور شعیب ملک نے چوتھی وکٹ کیلئے 51رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور ٹیم کا سکور 177 تک پہنچا دیا۔محمد حفیظ نے 26 گیندوں پر 2چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،انہہیں محمد عمران نے آؤٹ کیا۔خیبرپختونخوا نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے،شعیب ملک نے 22 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ مصدق احمد 7 رنز بنا سکے.

207رنز ہدف کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی جانب سے شان مسعود اور زیشان اشرف نے اننگز کا آغاز کیا۔سدرن پنجاب کو اننگز کے آغاز میں ہی نقصان برداشت کرنا پڑا جب کپتان شان مسعود 7اور صہیب مقصود صفر پر آؤٹ ہوئے،سدرن پنجاب کی تیسری وکٹ 34 رنز پر گری جب ذیشان اشرف16 رنز بنا کروہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے،سدرن پنجاب کی جانب سے خوشدل شاہ اور حسین طلعت نے چوتھی وکٹ کیلئے 74رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور ٹیم کا سکور108 رنز تک پہنچا دیا،سدرن پنجاب کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی خوشدل شاہ تھے جو 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔سدرن پنجاب کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حسین طلعت تھے جنہیں وہاب ریاض نے کیچ آؤٹ کیا،حسین طلعت نے 33گیندوں پر 3چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے۔سدرن پنجاب کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر196رنز بنا سکی،سدرن پنجاب کی جانب سے عامر یامین 13،محمد عمران 38 رنز بنا سکے۔خیبرپختونخوا کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض نے 3،3،عثمان شنواری اور آصف آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،خیبر پختونخوا کے شعیب ملک کو مین آف دی میچ اور فخر زمان کو ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔