news

ایشیاء کپ: نیپالی ٹیم اپنے اسٹار کرکٹر کے بغیر پاکستان آئے گی

نیپالی کرکٹ ٹیم 30 اگست کو ملتان میں میزبان پاکستان کے ساتھ میچ سے ٹورنامنٹ کا آغاز کرے گی۔

ایشیاء کپ: نیپالی ٹیم اپنے اسٹار کرکٹر کے بغیر پاکستان آئے گی

نیپالی کرکٹ ٹیم اپنے اسٹار پلیئر سندیپ لامیچھانے کے بغیر ایشیا کپ کھیلنے کے لیے پاکستان آئے گی، اسپنر کو ریپ چارجز کی وجہ سے نیپالی اسکواڈ سے باہر کیا گیا ہے۔ 
23 سالہ سندیپ لامیچھانے پر الزام ہے کہ انھوں نے پچھلے سال اگست میں کھٹمنڈو کے ایک ہوٹل روم میں 17 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، تاہم سندیپ شروع سے ہی ان الزامات کو جھوٹ پر مبنی قرارد دیتے رہے ہیں۔ 
کرکٹ ایسوسی ایشن آف نیپال کے منیجر پردیپ مجگئیان نے میڈیا کو بتایا کہ قانونی کارروائی اور سندیپ کو درپیش کچھ صحت کے مسائل کی وجہ سے ٹیم ان کے بغیر پاکستان کے لیے روانہ ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیپال کی ٹیم جو کہ ایشیا کپ میں شرکت کے لیے پاکستان آرہی ہے اس کے ہمراہ لیگ اسپنر تو موجود نہیں ہوں گے مگر امکان ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کے دوران ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔ 
واضح رہے کہ سندیپ لامیچھانے کو ریپ کے الزامات کے سبب نیپال کی قومی ٹیم سے معطلی کا سامنا تھا جبکہ انھیں پچھلے سال اس سلسلے میں گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ آج کل وہ ضمانت پر ہیں۔
نیپالی کرکٹ ٹیم 30 اگست کو ملتان میں میزبان پاکستان کے ساتھ میچ سے ٹورنامنٹ کا آغاز کرے گی۔ 
نیپال اسکواڈ: روہت پاڈیل، کشال بھرٹیل، آصف شیخ، بھیم شرکی، کشال مالا، عارف شیخ، دیپیندر سنگھ ایری، گلشن جھا، سومپال کامی، کرن کے سی، سندیپ لامیچھانے، للت راج بنشی، پرتیش جی سی، موسم دھکل، سندیپ جورا، کشور مہتو، ارجن سعود۔