ٹیم نیپال کی کپتان اندو برما نے ٹورنامنٹ میں اپنے بنیادی ہدف کے طور پر خواتین کے پریمیئر کپ چیمپئن یو اے ای کو شکست دینے پر اپنی نگاہیں مرکوز کر رکھی ہیں۔
اے سی سی ویمنز ایشیا کپ کا مرحلہ 19 جولائی کو سری لنکا کے شہر دمبولا کے رنگیری دمبولا اسٹیڈیم میں شروع ہوچکا ہے، جہاں آٹھ ٹیمیں چیمپئن شپ ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ گروپ اے میں بھارت، پاکستان، متحدہ عرب امارات اور نیپال جیسی ٹیمیں سخت مقابلے کے لیے تیار ہیں۔ ایونٹ کا پہلا مقابللہ کرکٹ کے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول ہے۔
گروپ اے میں شامل نیپال، جو کہ ٹورنامنٹ میں ایک نسبتاً نئی ٹیم ہے، گزشتہ دو سالہ ٹورنامنٹس میں جیت حاصل نہ کرنے کے باوجود ایونٹ میں اثر انداز ہونے کے ایک موقع کی تلاش میں ہے۔ یہ 2012 اور 2016 میں حصہ لینے کے بعد ان کی تیسری موجودگی کی نشاندہی کرتا ہے، جہاں انہوں نے فتح حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کی تاہم دونوں بار نیپالی ٹیم سب سے نیچے رہی۔
ٹیم نیپال کی کپتان، اندو برما نے ٹورنامنٹ میں اپنے بنیادی ہدف کے طور پر، خواتین کے پریمیئر کپ چیمپئن یو اے ای کو شکست دینے پر اپنی نگاہیں مرکوز کر رکھی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ "ہمارا پہلا ہدف متحدہ عرب امارات کو شکست دینا ہے"
اندو برما نے کھٹمنڈو پوسٹ کے حوالے سے کہا کہ اس ایونٹ میں شمولیت ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کوشش کریں گے کہ اس ایونٹ میں اپنا رنگ جماسکیں۔،،
ٹیم نیپال کی تیاری اور جیت کی خواہشات کی عکاسی کرتے ہوئے، ٹیم کی ایک تجربہ کار کھلاڑی، سیتا رانا ماگر نے کہا کہ “ہم نے نیپال کی مردوں کی کرکٹ ٹیم سے تحریک حاصل کی ہے۔ ہمارا منصوبہ صرف ٹورنامنٹ میں حصہ لینا نہیں ہے۔ ہمیں یہ احساس ہے کہ ہماری ٹیم ہماری مردوں کی ٹیم جیسی بڑی ٹیموں کے خلاف اچھا کھیل پیش کر سکتی ہے۔ ہم نے وضاحت حاصل کرلی ہے کہ پورے 20 اوورز تک کیسے بیٹنگ کرنی ہے اور گیند کو کیسے پھینکنا ہے۔ ٹیم میں مثبت تبدیلیاں آ رہی ہیں۔‘‘
سیتا رانا ماگر نے مزید کہا کہ ہم اس بڑے ایونٹ میں دنیا کے سامنے اپنا نقش ثبت کرنا چاہتے ہیں۔