news
English

کیویز کیخلاف سیریز کیلئے پرفارمرز کو منتخب کرنے کی ہدایت  

کیمپ کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب کرتے ہوئے میری سفارش بھی نہ مانی جائے، محسن نقوی کا دو ٹوک پیغام

کیویز کیخلاف سیریز کیلئے پرفارمرز کو منتخب کرنے کی ہدایت  

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کی تیاری کی غرض سے تربیتی کیمپ بھیجنے کے لئے پی ایس ایل کے پرفارمرز کو منتخب کرنے کی ہدایت کردی۔
کیویز کے خلاف 5 میچز پر مشتمل ٹی20 سیریز کیلئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی اعلیٰ حکام سے تفصیلی مشاورت ہوئی، اس ملاقات میں چیف سلیکٹر وہاب ریاض، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ اور متعلقہ حکام شریک تھے۔ 
اس موقع پر محسن نقوی نے ہیڈ آفس میں کیمپ کے لئے کھلاڑیوں کے ناموں پر غور کیا جبکہ میرٹ اور کارکردگی پر کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے کی ہدایت کی۔
 
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل9 میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے والے کھلاڑیوں کو کیمپ میں شامل کیا جائے، کیمپ کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب کرتے ہوئے میری سفارش بھی نہ مانی جائے۔  
چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے پی ایس ایل9 میں اچھی کارکردگی دکھانے والے بلے بازوں اور بولرز کے بارے میں اپنی رپورٹ پیش کی۔ 
دوسری جانب پی ایس ایل میں پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں سمیت 25 پلئیرز پر مشتمل دستے کو فوجی ٹریننگ کے لئے کاکول اکیڈمی میں لگنے والے ٹریننگ کیمپ میں بھیجا جائے گا۔