news

نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لئے سینئر کھلاڑیوں کی ٹیم میں واپسی

قومی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں 3 سینئر کھلاڑیوں کی واپسی ہوگئی ہے جبکہ ون ڈے سیریز میں تمام قومی سینیئر کھلاڑیوں کو واپس لے لیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لئے سینئر کھلاڑیوں کی ٹیم میں واپسی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے لیے اسکواڈز کا اعلان کرتے ہی کپتان بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم میں واپسی کا اعلان کیا ہے۔

 شاہین شاہ آفریدی آئی سی سی مینز ٹی 20ورلڈ کپ 2022 کے بعد انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں شمولیت سے محروم ہو گئے تھے کیونکہ وہ گھٹنے کی انجری کے بعد اپنی بحالی کا سفر مکمل کر رہے تھے۔

اس کے بعد وہ سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ، نیدرلینڈز کے خلاف ون ڈے سیریز، متحدہ عرب امارات میں اے سی سی ایشیا کپ اور پاکستان میں سات میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کھیلنے سے محروم رہے تھے۔شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان سپر لیگ 8 میں شاندار واپسی کی اور اپنی ٹیم لاہور قلندرز کو ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کرنے والی پہلی ٹیم بننے میں مدد کی۔

گذشتہ دنوں افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے بابر اعظم، محمد رضوان، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دیا گیا تھا تاہم نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے سینئر کھلاڑیوں کو ٹیم میں واپس لے لیا گیا ہے۔

افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان، طیب طاہر اور محمد وسیم جونیئر کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں ڈراپ کردیا گیا ہے۔

 پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز 14 اپریل سے لاہور میں شروع ہوگی۔