news
English

ٹی ٹونٹی سیریز: نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ایک اور دھچکا

پاکستان روانگی سے قبل ہی کیوی ٹیم کے 2 اہم کھلاڑی فن ایلن اور ایڈم ملنے گرین شرٹس کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے۔

ٹی ٹونٹی سیریز: نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ایک اور دھچکا

پاک نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی سیریز کے سلسلے میں پاکستان آنے سے قبل ہی نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ایک اور جھٹکا لگ گیا۔ نیوزی لینڈ کے 9 ٹاپ کرکٹرز پہلے ہی آئی پی ایل کی وجہ سے پاکستان کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔جبکہ مزید 2 کھلاڑی سیریز سے باہر ہو گئے۔
ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کا سفر کرے گی تاہم روانگی سے قبل ہی 2 اہم کھلاڑی فن ایلن اور ایڈم ملنے پاکستان کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق فن ایلن اور ایڈم ملنے کو ٹریننگ کے دوران انجری کا سامنا ہوا ہے۔ فن ایلن کمر اور ایڈم ملنے ٹخنے کی انجری کا شکار ہونے پر پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز میں دستیاب نہیں ہوں گے۔
وکٹ کیپر بیٹر ٹام بلنڈل اور آل راونڈر زیک فاولکس کو ان کی جگہ پاکستان آنے کے لیے ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ زیک فولکس پہلی مرتبہ کیوی اسکواڈ کا حصہ بن رہے ہیں جبکہ ٹام بلنڈل نے گزشتہ برس بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ کیوی کوچ گیری اسٹینڈ کا کہنا ہے کہ روانگی سے قبل کرکٹرز کا اان فٹ ہونا بدقسمتی کی بات ہے۔ دونوں کرکٹرز گزشتہ ورلڈ کپ سے ہمارے لیے ٹی 20 میں اچھے پرفارمرز رہے ہیں۔