news

نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولرٹم ساؤتھی انجرڈ، ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک

انگلینڈ کے خلاف میچ کے دوران کیچ لینے کی کوشش کرتے ہوئے 34 سالہ فاسٹ بولر کا انگوٹھا فریکچر ہوگیا تھا، میڈیارپورٹس 

نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولرٹم ساؤتھی انجرڈ، ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک

نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی کے انگوٹھے کی سرجری ہونے والی ہے جس کی وجہ سے ان کی ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔ 
نیوزی لینڈ کرکٹ کا کہنا ہے کہ بھارت میں 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ ورلڈ کپ میں ساؤتھی کی شمولیت کے بارے میں فیصلہ اگلے ہفتے کیا جائے گا۔ 
جمعے کےروز انگلینڈ کے خلاف میچ میں کیچ لینے کی کوشش کے دوران 34 سالہ کھلاڑی کا انگوٹھا فریکچر ہوگیا تھا۔ خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چوٹ لگنے پر سائوتھی فوری طور پر شدید درد میں مبتلا نظر آئے اور انہیں اسکین کے لیے میدان سے باہر لے جایا گیا تاہم وہ واپس میدان میں آنے میں ناکام رہے۔ جس کے بعد وہ گرائونڈ سے باہر ہیں اور جمعرات کو ان کی سرجری ہوگی۔ 
ورلڈ کپ چیمپیئن انگلینڈ کے ساتھ نیوزی لینڈ کا ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ  دو ہفتے بعد شیڈول ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کا کہنا ہے کہ ’بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے سینیئر فاسٹ بولر کی دستیابی کے بارے میں فیصلہ اگلے ہفتے کے اوائل میں کیا جائے گا جب ان کی سرجری کے نتائج سامنے آئیں گے۔‘ 
نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ نے کہا کہ ٹیسٹ کپتان ساؤتھی کو ورلڈ کپ کھیلنے کا ’ہر موقع‘ دیا جائے گا۔ اسٹیڈ نے کہا کہ ’ہم امید کرتے ہیں کہ سرجری اچھی ہوگی۔ ان کے دائیں انگوٹھے میں کچھ پن یا پیچ ڈالے جائیں گے اور اگر یہ طریقہ کار کامیاب ہوتا ہے تو یہ اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ٹم درد کو برداشت کرسکیں اور ٹریننگ اور کھیل میں واپس آسکیں۔‘ 
نیوزی لینڈ کی ٹیم بنگلہ دیش میں تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغاز جمعرات سے کرے گی۔ 
انگلینڈ نے گذشتہ ہفتے لارڈز میں کھیلے گئے آخری ون ڈے میں نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کر کے سیریز 3-1 سے جیت لی۔ اس آخری ون ڈے کے دوران ہی ساؤتھی انگلش بلے باز جو روٹ کا کیچ پکڑنے کی کوشش کرتے ہوئے انجری کا شکار ہوگئےتھے۔