news
English

نامور کرکٹرز کے بغیر کیوی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی  

کیوی ٹیم کی قیادت ٹم سائودی کو ملنے کا امکان، دیگر ممکنہ پلیئرز کے نام سامنے آگئے۔

نامور کرکٹرز کے بغیر کیوی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی  

اسٹارز سے عاری کیوی ٹیم پاکستان آئے گی، ٹاپ کرکٹرز اس بار بھی آئی پی ایل میں ڈالرز کمانے میں مصروف ہیں جب کہ کیوی ٹیم کی قیادت ٹم سائودی کو ملنے کا امکان ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی گذشتہ برس کی طرح اس بار بھی پاکستان کے ٹور پر اپنی دوسرے درجے کی ٹیم بھیجے گا، اور اس بار بھی اس کی بڑی وجہ آئی پی ایل ہی ہے۔ 
کیویزکو آئندہ ماہ 5 ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آنا ہے تاہم کیوی سپراسٹارز کین ولیمسن، ڈیرل مچل، گلین فلپس، لوکی فرگوسن، مچل سینٹنر، میٹ ہینری، راچن رویندرا، ڈیون کونووے اور ٹرینٹ بولٹ بھارت میں جاری آئی پی ایل میں مصروف ہیں، اس لیے کم تجربہ کار ٹیم بھیجے جانے کا امکان ہے، اس میں ان کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا جنھوں نے ڈومیسٹک ٹی 20 ایونٹ سپراسمیش میں اچھی کارکردگی پیش کی تھی۔
گذشتہ برس بھی ایسی ہی صورتحال تھی جب ٹام لیتھم نے ٹی 20 اور ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان میں دوسرے درجے کی ٹیم کی قیادت سنبھالی،اس بار کپتانی ٹور کے لیے دستیاب ٹم سائودی کرسکتے ہیں۔ 
ڈومیسٹک ٹی 20 ایونٹ میں ہینری نکلز ٹاپ اسکورر رہے، ان کا ٹیم میں جگہ حاصل کرنے کے لیے لیتھم، ٹم روبنسن اور چیڈبوز کے ساتھ مقابلہ ہوگا، روبنسن اور ول ینگ وہ 2 پلیئرز ہیں جنھوں نے سپراسمیش میں سنچریاں اسکور کی ہیں ، چیڈ بوز گذشتہ دورہ پاکستان میں اچھا پرفارم کرچکے ہیں۔ اسی طرح ریگولرٹی 20 اسکواڈممبرز فن ایلن، ٹم سیفرٹ، جمی نیشم اورایش سوڈھی بھی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔ 
دورہ پاکستان کیلیے نیوزی لینڈ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں فن ایلن، ول ینگ، ٹم سیفرٹ، مارک چیپمین، جمی نیشم، جوش کلارکسن، مچل بریسویل، ٹم سائودی، ایڈم ملن، بین سیئر، ایش سوڈھی، بین لسٹر، جیکب ڈفی، ٹم روبینسن / ہینری نکلز، چیڈ بوز/ ٹام لیتھم شامل ہیں۔