کراچی: ماہ اکتوبر کی بہترین خاتون کرکٹر کا اعزاز پاکستانی آل راؤنڈر ندا ڈار نے حاصل کرلیا۔
ویمنز ایشیا کپ میں شاندار پرفارمنس کی بدولت ندا ڈار کو بہترین خاتون کرکٹر کے اعزاز سے نوازا گیا، بھارت کی جمیما روڈریگوئز اور دیپتی شرما بھی نامزد ہوئی تھیں لیکن ندا کی کارکردگی دونوں پلیئرز پر بھاری رہی۔
انھوں نے ایشیا کپ کے 6 میچزمیں مجموعی طور پر 145 رنز 72.50 کی اوسط سے بنائے،انھوں نے ایونٹ میں 8 وکٹیں بھی اپنے نام کیں،اوسط 14.87 رنز رہی۔
اس حوالے سے ندا ڈار کا کہنا تھا کہ ایوارڈ کے نامزد ہونا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ اگلے میچز میں بھی اپنی کارکردگی کو برقرار رکھنے کی کوشش کروں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایوارڈ کے لیے نامزد ہونا بہت اچھا تھا، اور یہ جیتنا میرے لیے بہت خاص ہے۔ کاش ہم ویمنز ایشیا کپ جیت سکتے، لیکن مجھے خوشی ہے کہ ہم بحیثیت ٹیم پرفارم کر رہے ہیں، اور آئرلینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر حالیہ سیریز میں ہماری ٹیم کی جیت اس عزم کو ظاہر کرتی ہے کہ لڑکیاں اپنے کھیل میں کس عزم و ہمت کا اظہار کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے ملک کی نمائندگی کرنے پر بہت فخر ہے اور میرا مقصد اپنی ٹیم کی جیت میں زیادہ سے زیادہ حصہ ڈالنا ہے۔