news
English

کرائسٹ چرچ : پاکستانی ویمن ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 57 رنز سےہرادیا

ندا ڈار کی 11 رنز کے عوض 4 وکٹوں نے پاکستانی ویمن ٹیم کی نیوزی لینڈ کے خلاف فتح کی راہ ہموار کی۔

کرائسٹ چرچ : پاکستانی ویمن ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 57 رنز سےہرادیا

قومی ویمن ٹیم کی کپتان ندا ڈار کی چار وکٹوں کی بدولت پاکستانی ویمن ٹیم نے منگل کے روز کرائسٹ چرچ کی لنکن یونیورسٹی کے برٹ اسٹکلف اوول میں کھیلے گئے 50 اوورز کے پریکٹس گیم میں نیوزی لینڈ الیون کو 57 رنز سے شکست دی۔ 
آل رائونڈر ندا ڈار نے صرف گیارہ رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جس کی بدولت پاکستانی ویمن ٹیم نے نیوزی لینڈ الیون کو 57 رنز سے شکست دے دی۔ 
پریکٹس میچ میں دونوں فریقوں کو ایک اننگز میں 15 کھلاڑیوں کو کھلانے کا موقع ملا۔ پاکستانی ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 13 وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز بنائے۔ بیٹنگ کے شعبے میں، وکٹ کیپر بلے باز نجیہ علوی نے اپنی طرف سے سب سے زیادہ 52 گیندوں پر 38 رنز بنائے، جس میں دو چوکے شامل تھے۔ 
نیوزی لینڈ الیون کی جانب سے جی ای ایس سلیوان اور ایل ایم کاسپریک نے بالترتیب چار اور تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں نیوزی لینڈ الیون اپنے 50 اوورز میں 13 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ اوپننگ بلے باز اے جی گرکن ہارنے والی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی تھیں، انہوں نے 78 گیندوں پر چھ چوکے لگا کر 42 رنز بنائے۔ 
دائیں ہاتھ کی آف اسپنر اور کپتان ندا ڈار گرین شرٹس کی طرف سے سب سے کامیاب بولر رہیں، جنہوں نے چار اوورز میں 11 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ اور نشرا سندھو نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ 
پاکستانی ویمنز ٹیم کل دوپہر برٹ اسٹکلف اوول میں ٹریننگ کرے گی اور اسی مقام پر جمعرات 30 نومبر کو نیوزی لینڈ الیون سے ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔ یہ میچ نیوزی لینڈ کرکٹ کے یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ 

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیمیں 3 دسمبر سے شروع ہونے والی وائٹ بال پر مشتمل سیریز میں حصہ لیں گی۔ سیریز میں تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز شامل ہیں۔ یہ ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2022-25 کا حصہ ہیں۔

میچ کی سمری:

پاکستانی ویمن نے نیوزی لینڈ الیون کو 57 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستانی خواتین 238-13، 50 اوورز (نجیحہ علوی 38، جی ای ایس سلیوان 4-41، ایل ایم کاسپریک 3-40)

نیوزی لینڈ الیون 181-13، 50 اوورز (اے جی گرکن 42، ندا ڈار 4-11)