news
English

غیرملکی لیگز: کھلاڑی متبادل آپشنز تلاش کرنے لگے  

کھلاڑیوں کا قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے یا فری لانسنگ پر غور۔

غیرملکی لیگز: کھلاڑی متبادل آپشنز تلاش کرنے لگے  

قومی کرکٹ ٹیم کے کئی کھلاڑی غیر ملکی لیگز کھیلنے کیلئے متبادل آپشنز تلاش کرنے لگے۔ 
کرکٹ پاکستان کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے دوران غیر ملکی لیگز کیلئے این او سی کے معاملے پر کرکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ آمنے سامنے آگئے تھے تاہم مسئلہ بورڈ نے حل کرلیا تھا۔ 
کھلاڑیوں نے ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ سے غیرملکی لیگز کے این او سی سے متعلق وضاحت طلب کی تھی، جس پر سابق کرکٹر نے فیصلے کا ذمہ دار بورڈ کو ٹھہرایا تھا جبکہ اس موقع پر متعدد کھلاڑیوں نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے یا فری لانسنگ پر غور شروع کردیا تھا۔ 
ذرائع نے حارث رؤف کے سینٹرل کنٹریکٹ کی معطلی کے حوالے سے کھلاڑیوں میں بڑے پیمانے پر پھیلنے والے عدم اطمینان کا انکشاف کیا ہے، ان کا موقف ہے کہ ایک کھلاڑی، جو کئی سالوں سے ریڈ بال کرکٹ نہیں کھیلا، اُسے اچانک زبردستی لانا کوئی منطق نہیں ہے۔  
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے آغاز سے محض 2 روز قبل حارث رؤف کو سینٹرل کنٹریکٹ سے نکال دینا اور 30 جون 2024 تک کسی بھی غیر ملکی لیگ میں کھیلنے کے لیے این او سی جاری نہ کرنا سوالات پیدا کررہا ہے۔ 
دوسری جانب حارث رئوف کو سزا سنائے جانے پر کچھ انگلیاں چیف سلیکٹر وہاب ریاض کی طرف بھی اُٹھ رہی ہیں۔