قومی ٹیم کے اسپنرز نے وارم اپ میچ میں 25 اوورز میں 183 رنز لٹا دیئے۔
نیوزی لینڈ نے ورلڈکپ سے قبل ہونے والے وارم اَپ میچ میں پاکستانی اسپنرز کی درگت بناڈالی۔
حیدرآباد کے راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے 100 اوورز کے مقابلے میں تقریباً 700 کے قریب رنز کے انبار لگے جبکہ 11 وکٹیں دونوں ٹیموں کے بالرز کے ہاتھ لگیں۔
ابتدا میں پاکستانی بیٹرز مشکلات کا شکار نظر آئے تاہم کپتان بابراعظم اور رضوان نے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی، بعدازاں سعود شکیل اور آغا سلمان نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے۔ 345 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی بالرز ایک بار پھر حریف ٹیم کے کھلاڑیوں کو پویلین بھیجنے میں ناکام رہے جبکہ گرین شرٹس کا اسپن ڈیپارٹمنٹ بری طرح فلاپ نظر آیا، محمد نواز نے 7 اوورز میں 55، اسامہ میر نے 10 اوورز میں 68 جبکہ آغا سلمان نے 8 اوورز میں 60 رنز لٹادیئے۔
مجموعی طور پر اسپنرز نے 25 اوورز میں 183 رنز دیکر محض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
دوسری جانب فاسٹ بولنگ کے شعبے میں بھی حارث رؤف اور محمد وسیم جونئیر کی خوب پٹائی ہوئی جبکہ حسن علی نے ابتداء میں وکٹ لی تاہم کوئی بالر ان کا ساتھ دینے میں ناکام رہا۔
اس میچ میں نائب کپتان شاداب خان، افتخار احمد اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو آرام کروایا گیا تھا۔ قومی ٹیم 345 رنز کا مجموعہ قائم کرنے کے باوجود میچ نہ جیت سکی۔