news
English

ون ڈے ورلڈکپ کی ممکنہ تاریخیں اور وینیوز شارٹ لسٹ، نام سامنے آگئے

بھارت میں شیڈول 2023 کے ون ڈے ورلڈکپ کی ممکنہ تاریخوں اور وینیوز کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا۔

ون ڈے ورلڈکپ کی ممکنہ تاریخیں اور وینیوز شارٹ لسٹ، نام سامنے آگئے

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی میزبانی میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کا ممکنہ طو پر آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا جبکہ ایونٹ کا فائنل 19 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے جن وینیوز کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے ان میں بنگلورو، چنئی، دہلی، دھرم شالہ، گوہاٹی، حیدرآباد، کولکتہ، لکھنؤ، اندور، راجکوٹ، ممبئی اور احمد آباد شامل ہیں۔

 ٹورنامنٹ میں 46 دنوں کے دوران 48 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل بھارت کے سب سے بڑے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان ایک سال قبل کیا جاتا ہے تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کو حکومت سے منظوری ملنے کا انتظار ہے، جس میں دو اہم مسائل ٹورنامنٹ کے لیے ٹیکس سے چھوٹ حاصل کرنا اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے ویزا کلیئرنس ہے۔

آئی سی سی قوانین کے مطابق کسی بھی ایونٹ کے میزبان ملک کو حکومت سے ٹیکس میں چھوٹ لینا ہوتی ہے تاہم بھارت کے ٹیکس قوانین اس طرح کی ٹیکس میں چھوٹ کی اجازت نہیں دیتے جس کا تقاضہ آئی سی سی کی طرف سے کیا گیا ہے، اگر بی سی سی آئی ٹیکس چھوٹ حاصل کرنے میں ناکام رہتا ہے تو آئی سی سی کو نشریاتی آمدنی پر 21.84 فیصد ٹیکس کی مد میں 116 ملین ڈالر کا نقصان ہوسکتا ہے جو بی سی سی آئی اور دوسرے تمام رکن ممالک کو برداشت کرنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ بی سی سی آئی نے آئی سی سی کے ساتھ 2014 میں میزبانی کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

دوسری جانب بھارتی بورڈ نے ابھی تک ایونٹ کا حصہ بننے والے تمام ممبر ممالک کی ٹیموں، آفیشلز، میڈیا اور فینز کے لیے ویزوں کے یقینی اجرا کے بارے میں بھی لیٹر جمع نہیں کروایا، جس کی یقین دہانی گزشتہ اجلاسوں میں کی گئی تھی۔