news
English

آن لائن شاپنگ تو سنی تھی لیکن کوچنگ نہیں، عاقب جاوید

لاہور قلندرز کے ہیڈکوچ اور سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے مکی آرتھر کو قومی ٹیم کا ہیڈکوچ اور آن لائن کوچنگ کے آئیڈیا پر تنقید کا نشانہ بناڈالا۔

آن لائن شاپنگ تو سنی تھی لیکن کوچنگ نہیں، عاقب جاوید

سابق کرکٹر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے مکی آرتھر کو آن لائن کوچنگ کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آن لائن شاپنگ تو سنی تھی لیکن آن لائن کوچنگ نہیں، آزما کر دیکھ لیں یہ بھی۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ پاکستانی ٹیم کو متحد کرنا چاہتا ہے لیکن میری سمجھ نہیں آرہا کہ مکی آرتھر یا غیر ملکی کوچ کے علاوہ کوئی اور نام نہیں ہے، یہ جذباتی فیصلہ لگ رہا ہے جس کا مقصد کسی کو سمجھ نہیں آرہا۔

قبل ازیں قومی ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے بھی غیر ملکی کوچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ آن لائن کوچنگ کا تصور سمجھ سے بالاتر ہے۔

واضح رہے کہ مکی آرتھر ڈاربی شائر کے ساتھ معاہدے کی وجہ سے انگلش کاؤنٹی سیزن کے دوران پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے۔

 دوسری جانب ثقلین مشتاق کا معاہدہ ختم ہونے پر پی سی بی کو قومی ٹیم کے لیے نئے ہیڈ کوچ کی تلاش تھی، چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی نجم سیٹھی کا اولین انتخاب مکی آرتھر بنے مگر انگلش کاؤنٹی اربی شائر کے ساتھ معاہدے کی وجہ سے انھوں نے عدم دستیابی ظاہر کردی تھی تاہم کئی بڑے ناموں کی عدم دلچسپی کے بعد بورڈ نے آرتھر سے ہی دوبارہ رابطے شروع کیے اور انھیں من پسند انداز میں کام کرنے کی اجازت دے دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اب ہیڈ کوچ کا عہدہ ہی ختم کر دیا جائے گا، ٹیم ڈائریکٹر کی پوسٹ متعارف ہو گی جس پر مکی آرتھر کا نام جگمگائے گا۔