ری پلے میں وہ واضح آؤٹ دکھائی دے رہے تھے مگر آسٹریلیا کے پاس ریویو نہیں تھا
ہیڈنگلے ٹیسٹ کے آخری لمحات میں ریویو ضائع کرنے پر آسٹریلوی کپتان ٹم پین تنقید کی زد میں آگئے۔
ٹم پین نے جیک لیچ کیخلاف ایل بی ڈبلیو کیلیے ریویو لیا جبکہ گیند واضح طور پر لیگ اسٹمپ سے باہر جارہی تھی، اگلے اوور میں ویسٹ انڈین امپائر جوئیل ولسن نے ناتھن لیون کی گیند پر اسٹوکس کیخلاف ایل بی ڈبلیو اپیل مسترد کردی۔ ری پلے میں وہ واضح آؤٹ دکھائی دے رہے تھے مگر آسٹریلیا کے پاس ریویو نہیں تھا۔
سابق کپتان ای ین چیپل، مارک ٹیلر اور ای ین ہیلی نے اعصاب شکن لمحات میں گھبرا جانے پر پین کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
آسٹریلوی کپتان نے ریویوکی ذمہ داری کسی اور کو سونپنے کا عندیہ دے دیا
ہیڈنگلے ٹیسٹ میں انگلینڈ سے شکست کے بعد آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے ریویو لینے کی ذمہ داری کسی اور کو سونپنے کا عندیہ دیا ہے،انھوں نے کہا کہ اب تک میرا ہر ریویوغلط ثابت ہوا، اس لیے میں نے یہ ذمہ داری کسی اور کو سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پین نے آخر میں غلط فیصلہ دینے والے امپائر جوئیل ولسن کے بارے میں کچھ کہنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ری پلے میں دیکھا واقعی بین اسٹوکس آؤٹ تھے،میں یہ منظر دوبارہ نہیں دیکھنا چاہتا۔