news
English

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان واحد ٹی 20 میچ آج ہوگا

میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 6:30بجے شروع ہوگا

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان واحد ٹی 20 میچ آج ہوگا تصویر: اے ایف پی

لاہور: چھوٹی  کرکٹ سے بڑے معرکوں کی تیاری کا عزم لیے گرین شرٹس آج انگلینڈ کے مقابل ہوں گے۔

ورلڈ کپ کی تیاری کیلیے قبل ازوقت انگلینڈ میں ڈیرے ڈالنے والی پاکستان ٹیم نے بھرپور پریکٹس کے ساتھ کاؤنٹیز کیخلاف تینوں وارم اپ میچز بھی جیتے، ٹاپ اور مڈل آرڈر میں کوئی ایسا بیٹسمین نہیں جس کو مکمل طور پر فلاپ کہا جا سکے، سب نے 1،2یا زائد اچھی اننگز کھیلی ہیں۔

فخر زمان نے تینوں میچز میں اچھا آغاز فراہم کیا، بابر اعظم نے لیسٹر شائر کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میں 63 گیندوں پر سنچری اسکور کی، عماد وسیم نے پہلے ون ڈے میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تھری فیگراننگز سجائی، انھوں نے بولنگ میں بھی اپنی افادیت ثابت کی ہے،حسن علی اور فہیم اشرف نے اپنے تجربے کا بہتر استعمال کیا، نوجوان پیسرز شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین بھی ردھم میں ہیں، پارٹ ٹائم بولرز حارث سہیل اور فخر زمان کی کارکردگی مناسب رہی۔

آج سے پاکستان ٹیم کا اصل امتحان شروع ہورہا ہے، انگلینڈ کیخلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کارڈف میں کھیلا جائے گا، مقابلہ اس لیے بھی کانٹے دار ہونے کی توقع ہے کہ پاکستان ٹیم ٹوئنٹی جبکہ انگلینڈ ون ڈے کرکٹ میں نمبر ون ہے، کپتان سرفراز احمد نے لیسٹر شائر کیخلاف میچ کھیلنے والی الیون کو برقرار رکھنے کا عندیہ دیا تاہم بطور12ویں کھلاڑی محمد عامر کو شامل کیا ہے، اگر ان کی آزمائش کا فیصلہ کیا گیا تو شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین میں سے کسی پیسر کو باہر بیٹھنا پڑ سکتا ہے۔

لیسٹر شائر کے خلاف پلیئنگ الیون میں فخرزمان، بابراعظم،امام الحق، حارث سہیل،آصف علی، سرفراز احمد، عمادوسیم، حسن علی، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین شامل تھے، پاکستان کو تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک کی کمی محسوس ہوگی۔

دوسری جانب انگلینڈ کو بھی اپنے ورلڈ کپ اسکواڈ کے حوالے سے اہم فیصلے کرنا ہیں، انہی کو پیش نظر رکھتے ہوئے پاکستان سے ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی کھلاڑیوں کی آزمائش ہوگی،ایون مورگن کی ماضی میں گرین شرٹس کیخلاف کارکردگی اچھی رہی ہے،کئی ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ بیٹسمین بھی ٹیم میں شامل ہیں، آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کرنے والے جوفرا آرچر کو دوسرا موقع ملنے کا امکان ہے، اسی میچ میں ڈیبیو کرنے والے جیمز ونس صرف 18 رنز تک محدود رہے تھے، اس بار وہ بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

انجرڈ ڈیوڈ مالان کی جگہ لینے والے فل سالٹ کو ڈیبیو کا موقع مل سکتا ہے، جارح مزاج بین ڈکٹ بھی سلیکٹرز کی نظر کرم کے منتظر ہونگے،پیسر لیام پلنکٹ ردھم میں ہوں تو کسی بھی بیٹنگ لائن کیلیے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں،پاکستانی بیٹنگ لائن کیلیے عادل رشید بھی مشکلات پیدا کرسکتے ہیں، کارڈف میں موسم سرد اور درجہ حرارت 13ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، سخت سردی میں چوکوں چھکوں کی برسات ماحول گرمائے گی۔

پاکستان ٹیم نے گزشتہ روز بھی بھرپور مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا،بیٹسمین پاور ہٹنگ کا مظاہرہ کرتے نظر آئے جبکہ بولرز رنز کا سیلاب روکنے میں اپنی مہارت بہتر بنانے کیلیے کوشاں رہے، فیلڈرز نے اونچے کیچز کے ساتھ وکٹوں کو نشانہ بنانے کی پریکٹس بھی جاری رکھی۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہاکہ ابھی تک انگلینڈ میں بہترین تیاری کا موقع ملا اورتینوں میچز جیت لیے۔ تمام کھلاڑی اچھی فارم میں ہیں، بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں کارکردگی اچھی رہی،کامیابیوں سے مورال بھی بلند ہوا ہے، پہلے ٹی ٹوئنٹی میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے انگلینڈ کیخلاف فاتحانہ آغاز کرنے کیلیے تیار ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس فارمیٹ میں پاکستان کا ریکارڈ بہت اچھا ہے،لیسٹر شائر کیخلاف الیون برقرار رکھی ہے، محمد عامر کو 12ویں کھلاڑی کے طور پر شامل کیا ہے، حتمی فیصلہ میچ سے قبل کریںگے۔

انھوں نے کہا کہ تمام پیسرز بڑی اچھی بولنگ کررہے ہیں،ہمارے لیے انتخاب بھی مشکل ہوجاتا ہے لیکن پاکستان کرکٹ کیلیے ایک خوش آئند بات بھی ہے،ورلڈکپ سے قبل پوری توجہ انگلینڈ کیخلاف 5ون ڈے میچز پر مرکوز ہوگی،اچھا کھیل کر کامیاب ہوئے تو میگا ایونٹ سے قبل حوصلے مزید جوان ہوجائیں گے۔