news
English

پاک افغان سیریز: ٹرافی کی رونمائی کردی گئی

شارجہ: پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کے لئے ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔

پاک افغان سیریز: ٹرافی کی رونمائی کردی گئی

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں پاک افغان ٹی20 میچز کی سیریز کے لئے ٹرافی کی رونمائی میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں شاداب خان اور راشد خان نے شرکت کی، سیریز کے لئے پیش کی گئی ٹرافی افغان فن و ثقافت اور کاریگری کا شاہکار ہے جسے ہاتھ سے تیار کیے گئے قالین سے بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آغاز آج سے ہوگا، پہلا میچ پاکستان وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔

افغانستان کے خلاف سیریز کے لئے پاکستان کو بیٹنگ کوچ محمد یوسف کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی جبکہ فاسٹ بولر نسیم شاہ بھی نجی مصروفیات کے باعث دبئی میں موجود ہیں۔

قبل ازیں گزشتہ روز افغان کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے خلاف اپنے اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، جس کے لئے لیگ اسپنر راشد خان کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔