آصف علی نے 19ویں اوور میں 4 چھکے لگاکر پاکستان کو ایک اوور پہلے ہی فتح دلادی
دبئی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان نے آصف علی کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت افغانستان کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔
دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 147 رنز بنائے اور پاکستان نے مطلوبہ ہدف 19ویں اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر پورا کیا۔
قومی ٹیم کی جانب سے محمد رضوان اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا تاہم رضوان صرف 8 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد فخرزمان 30 رنز کی ذمہ دارنہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد حفیظ صرف 10 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
بابراعظم نے ایک اور ذمہ دارنہ اننگز کھیلتے ہوئے 45 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور وہ 51 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔ شعیب ملک نے 15 گیندوں پر 19 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کو 12 گیندوں پر 24 رنز درکار تھے تاہم آصف علی نے ایک ہی اوور میں 4 چھکے لگا کر ہدف پورا کرلیا۔ افغانستان کی جانب سے راشد خان نے 2، نوین الحق، محمد نبی اور مجیب الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس دوران قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی میں ایک اور اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ بابراعظم نے اپنی 26ویں اننگز میں بطور کپتان ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کیے جب کہ ویرات کوہلی نے یہ کارنامہ 30 میچوں میں انجام دیا تھا۔
اس سے قبل افغانستان کے کپتان محمد نبی نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ افغانستان کی جانب سے حضرت اللہ زازائی اور محمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا تاہم زازائی دوسرے ہی اوور میں کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے اور اگلے ہی اوور میں شہزاد بھی 8 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
اصفر افغان بھی چوتھے اوور میں 10 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ رحمت اللہ گرباز بھی 10 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹے، کریم جنت کی اننگز 15 رنز تک محدود رہی اور نجیب اللہ زردان بھی 22 رنز کے بعد ہمت ہارگئے۔
آخر میں کپتان محمد نبی اور گلبدین نیب نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کا اسکور آگے بڑھایا۔ دونوں 35،35 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے 2، حارث رؤف، شاہین آفریدی، حسن علی اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔