news

پاک بھارت میچ: بھارتی صحافی کا اسٹیڈیم میں چوری کی ورداتوں کا انکشاف

سیکیورٹی کے مسائل ضرور ہوتے ہیں لیکن چوریاں ہمارا تشخص خراب کررہی ہیں، بھارتی صحافی

پاک بھارت میچ: بھارتی صحافی کا اسٹیڈیم میں چوری کی ورداتوں کا انکشاف

بھارتی صحافی نے آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران شائقین کرکٹ کے ساتھ چوری کی ورداتوں کا انکشاف کردیا۔ 
احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ دیکھنے والے شائقین کرکٹ اپنے موبائل فونز اور پرس سمیت کئی قیمتی اشیاء سے محروم ہوگئے۔ 
ٹوئٹر پر بھارتی صحافی وکرانت گپتا کی ایک ٹوئٹ وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں بتاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ ’’میں اور ایک دوست گیٹ سے داخل ہونے کی بات کررہے تھے کہ ایک منٹ سے بھی کم وقت میں فون چوری ہوگیا‘‘۔ 
انہوں نے سوال اٹھایا کہ ’’اسٹیڈیم میں 1 لاکھ 25 ہزار سے زائد تماشائی آتے ہیں تو سیکیورٹی کے مسائل ضرور ہوتے ہیں لیکن یہ چوریاں ہمارا تشخص خراب کررہی ہیں‘‘۔ 
معروف صحافی نے کہا کہ پاک بھارت میچ کے دوران کئی سو افراد نے اپنے فون اور پرس سمیت کئی قیمتی چیزیں چوری ہونے کی شکایات درج کروائی ہیں۔ 
گزشتہ دنوں بھارتی اداکارہ و ماڈل اروشی روٹیلا بھی پاک بھارت میچ کے دوران اپنے مہنگے ترین آئی فون سے محروم ہوگئی تھیں جس پر انہوں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ بھی شیئر کی تھی۔ 
اروشی روٹیلا نے سوشل میڈیا پر مداحوں سے درخواست کی تھی کہ میچ دیکھنے کے دوران میرا 24 قیراط گولڈ والا آئی فون کھو گیا ہے، اگر کسی کو یہ فون نظر آجائے تو برائے مہربانی میری مدد کرتے ہوئے مجھ سے جلد از جلد رابطہ کرے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں میزبان نے گرین شرٹس کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔