news
English

پاک بھارت ٹیسٹ سیریز: بی سی سی آئی نے امکان مسترد کردیا

سڈنی: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آسٹریلیا میں پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کے امکان کو مسترد کردیا۔

پاک بھارت ٹیسٹ سیریز: بی سی سی آئی نے امکان مسترد کردیا

میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آئی سی سی اور اے سی سی ایونٹس کے علاوہ کوئی اور سیریز کھیلنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، بھارتی بورڈ نجی ادارہ نہیں ہیں حکومتی پالیسیوں کا پابند ہے۔

آفیشل نے کہا کہ اگر مودی حکومت اجازات نہیں دیتی تو دونوں ممالک کے درمیان کسی قسم کی سیریز کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔ باہمی میچز کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہورہی، دبئی میں اے سی سی میٹنگ کے دوران چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے ٹرائنگولر سیریز کی تجویز دی مگر بھارتی حکومت نے رضامندی ظاہر نہیں کی۔

گزشتہ روز میڈیا میں یہ بات گردش کررہی تھی کہ آسٹریلوی آل راؤنڈر سائمن اوڈونل نے کہا ہے کہ میلبرن اسٹیڈیم میں دونوں روایتی حریفوں کے درمیان ٹیسٹ میچ کے لیے بات چیت ہورہی ہے جہاں پاکستان، بھارت اور آسٹریلیا کی ٹرائنگولر سیریز کا بھی امکان ہے جبکہ تینوں ملکوں کو شامل کرکے ون ڈے سیریز بھی ممکن ہوگی۔

واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ میں دونوں ٹیمیں 23 اکتوبر کو ایک دوسرے کے مدمقابل آئی تھیں جہاں بھارت نے سنسنی خیز میچ میں پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں سابق کپتان ویرات کوہلی نے 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔