سال 2007 کے بعد سے دونوں ٹیمیں ٹیسٹ فارمیٹ میں ایک دوسرے کے مدمقابل نہیں آئیں
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے لئے انگلینڈ اور آسٹریلیا کو نیوٹرل وینیو کے طور پر گرین سگنل دے دیا۔
سڈنی مارننگ ہیرالڈ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاک بھارت ٹیسٹ میچز کی میزبانی آسٹریلیا، انگلینڈ یا جنوبی افریقہ میں ہوسکتی ہے تاہم انگلینڈ اور آسٹریلیا میں فل کراؤڈ کے آنے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کے لیے دبئی ہمیں کم خرچ پڑے گا، آسٹریلیا کو بھی ہم نے نیوٹرل وینیو کے طورپر ریڈار پر رکھا ہوا ہے۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ایشیاکپ کے لیے بھارت کو ہائبرڈ ماڈل دے چکے ہیں، اب ورلڈکپ اور چیمپئنز ٹرافی کو بچانے کے لیے آئی سی سی کو آگے آنا ہوگا، آئی سی سی کو بھارت کے ساتھ بات چیت کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر بھارت پاکستان آکر نہیں کھیلنا چاہتا تو ہائبرڈ ماڈل اپنانا ہوگا کیونکہ ہمارے لیے بھی بھارت میں سیکیورٹی کے مسائل ہیں اور ورلڈکپ 2023 کے لئے پاکستانی حکومت بھارت جانے کی اجازت نہیں دے گی۔
قبل ازیں گزشتہ سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی20 ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کے دوران 90 ہزار سے زائد تماشائیوں نے لائیو میچ دیکھا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں سال 2007 کے بعد سے کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلیں جبکہ 2013 میں دونوں ٹیموں نے آخری بار باہمی سیریز کھیلی تھی جس میں گرین شرٹس نے ہندوستان کو ہوم گراؤنڈ پر 1-2 سے ہرایا تھا۔