کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز میں چوتھے اور پانچویں ٹی20 اور پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچز کے ٹکٹ آج (11 اپریل) سے آن لائن دستیاب ہوں گے۔
شائقین ٹکٹ خریدنے کے لیے pcb.bookme.pk پر 1600 سے لاگ اِن ہو سکتے ہیں۔ پی سی بی نے ایک بار پھر راولپنڈی اور کراچی کے شائقین کرکٹ کو کھیل سے لطف اندوز ہونے کے لیے ٹکٹس کی کم قیمتیں مقرر کی ہیں۔
راولپنڈی میں آخری دو ٹی20 میچز کے ٹکٹوں کی قیمت پریمیم انکلوژرز (میران بخش، شعیب اختر، سہیل تنویر اور یاسر عرفات) کے لیے 500 روپے اور وی آئی پی انکلوژرز (عمران خان، جاوید اختر، اظہر محمود) کے لیے ایک ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ 20 اور 24 اپریل کو ہونے والے دو میچز کے لیے تیسری منزل کی گیلری 3500 روپے میں دستیاب ہوگی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 27 اور 29 اپریل کو ہونے والے پہلے دو ون ڈے مقابلوں میں پریمیم انکلوژرز کے ٹکٹ 300 روپے، وی آئی پی انکلوژرز کے لیے 500 روپے اور تیسری منزل کی گیلری کے لیے 3 ہزار روپے میں دستیاب ہوں گے۔
شائقین کرکٹ کے لیے کراچی میں ٹکٹوں کی شرح فروخت 250 سے ایک ہزار روپے کے درمیان رکھی گئی ہے۔ جنرل انکلوژرز (اقبال قاسم، نسیم الغنی، وسیم باری، محمد برادران اور انتخاب عالم) کے ٹکٹ 250 روپے میں دستیاب ہیں۔ شائقین کو فرسٹ کلاس انکلوژرز (آصف اقبال، وقار حسن، ظہیر عباس اور ماجد خان) میں ایک نشست کے لیے 250 روپے ادا کرنا ہوں گے جبکہ پریمیم انکلوژر میں ایک نشست (قائد، وسیم اکرم اور عمران خان) 750 روپے میں دستیاب ہے اور وی آئی پی انکلوژر (حنیف محمد، جاوید میانداد اور فضل محمود) کی قیمت ایک ہزار روپے ہے۔
آخری تینوں ون ڈے انٹرنیشنل بالترتیب 3، 5 اور 7 مئی کو نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔