news
English

پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 72 رنز سے شکست دے دی

شعیب ملک کو ایونٹ کی تیز ترین نصف سنچری اسکور کرنے پر مین آف دی میچ دیا گیا

پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 72 رنز سے شکست دے دی فوٹو: آئی سی سی

ابوظہبی: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 72 رنز سے شکست دے دی۔ 

شارجہ میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بابراعظم کی ذمہ دارنہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 189 رنز بنائے جس کے جواب میں اسکاٹ لینڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 117 رنز بنائے۔

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے جارج منسے 17 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کپتان کائل کوٹزر 9 اور وکٹ کیپر بلے باز میتھیو کراس 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ ڈیلن بج کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ مائیکل لیسک نے 14 رنز کی اننگز کھیلی۔ بیرنگٹن نے نصف سنچری بھی اسکاٹ لینڈ کے کوئی کام نہ آئی۔

قومی ٹیم کی جانب سے شاداب خان نے 2، حسن علی، حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ محمد رضوان صرف 15 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے لیکن اس دوران انہوں نے کلینڈر ایئر میں 1666 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بناکر کرس گیل کا سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔

تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے فخرزمان ایک بار پھر ناکام رہے، وہ 8 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔ محمد حفیظ نے 31 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ کپتان بابراعظم نے ایک بار پھر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی۔ بابراعظم 66 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

شعیب ملک نے 18 گیندوں پر 54 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ بھی بنالیا جب کہ رواں ایونٹ میں تیز ترین نصف سنچری بھی 18 ہی گیندوں پر بھارت کے کے ایل راہل نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف ہی بنائی تھی۔

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے کرس گریوز نے 2، صفیان شریف اور حمزہ طاہر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔