news
English

کراچی ٹیسٹ؛ پاکستانی بلے باز مکمل ناکام، پوری ٹیم 191 رنز پر آؤٹ

قومی ٹیم میں عثمان شنواری کی جگہ یاسر شاہ کو شامل کیا گیا ہے

کراچی ٹیسٹ؛ پاکستانی بلے باز مکمل ناکام، پوری ٹیم 191 رنز پر آؤٹ فوٹو: پی سی بی

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی بلے باز پہلی اننگز میں مکمل طور پر ناکام ہوگئے ہیں اور پوری ٹیم صرف 191 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔

شہر قائد میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی رونقیں دوبارہ لوٹ آئی ہیں اور آج پہلا میچ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جارہا ہے، قومی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز شان مسعود اور عابد علی نے کیا تاہم اوپنرز ایک بار پھر خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 10 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جب کہ کپتان اظہر علی صفر پر ہی آؤٹ ہوگئے، اوپنر عابد علی نے 38 رنز بنائے اور کمارا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

بابر اعظم اور اسد شفیق نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 62 رنز جوڑے، 127 کے اسکور پر بابر اعظم غیر ضروری طور پر اسٹمپ ہوگئے۔ انہوں نے 60رنز بنائے۔

اسد شفیق کریز کی ایک جانب موجود رہے تو دوسری جانب پاکستان کو یکے بعد دیگرے حارث سہیل ، محمد رضوان اور یاسر شاہ کی صورت میں 3 نقصان برداشت کرنا پڑے۔ 172 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی 7 وکٹیں گر چکی تھیں، ایسے موقع پر محمد عباس بیٹنگ کے لیے آئے۔

179 رنز پر محمد عباس آؤٹ ہوئے، 185 رنز پر اسد شفیق بھی مزاحمت بھی دم توڑ گئی اور 191 رنز پر پوری ٹیم ہی پویلین لوٹ گئی۔ پاکستان کے 191 رنز کے جواب میں سری لنکا کی بیٹنگ جاری ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی میں کھیلا گیا تھا جو بارش اور خراب موسم کے باعث ڈرا ہوگیا تھا۔