news
English

کرکٹرزکوروانگی کے شیڈول سے آگاہی مل گئی

اسکواڈ28 جون کو چارٹرڈ طیارے سے اڑان بھرے گا

کرکٹرزکوروانگی کے شیڈول سے آگاہی مل گئی فوٹو: اے ایف پی

دورۂ انگلینڈ کیلیے منتخب قومی کرکٹرز کو روانگی کے شیڈول سے آگاہی مل گئی،  کھلاڑی 24 جون کو لاہور میں جمع ہوں گے۔

اسکواڈ28 جون کو چارٹرڈ طیارے سے اڑان بھرے گا۔ تفصیلات کے مطابق دورۂ انگلینڈ میں 3ٹیسٹ اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کیلیے مجموعی طور پر29 کرکٹرز کا انتخاب کیا گیا ہے، کوچز اور آفیشلز سمیت 14 رکنی معاون اسٹاف میں سے بولنگ کوچ وقار یونس آسٹریلیا اور فزیو کلف ڈیکن  جنوبی افریقہ سے براہ راست انگلینڈ پہنچیں گے، دیگر ارکان چارٹرڈ طیارے میں کھلاڑیوں کے ہمراہ لاہور سے روانہ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق قومی کرکٹرز 22 جون کو اپنے اپنے شہروں میں کورونا ٹیسٹنگ کے بعد 24 جون کو لاہور کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں جمع ہوں گے، 25 جون کو ان کے دوبارہ کورونا ٹیسٹ ہوں گے، اس دوران کسی کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آنے پر ریزروز میں سے متبادل کا انتخاب ہوگا، اسکواڈ 28 اگست کو روانہ ہوجائے گا۔

برطانوی حکومت کی ہدایات کے مطابق پاکستان ٹیم کو انگلینڈ پہنچ کر پہلے 14  روز کا قرنطینہ کرنا ہے،میزبان ٹیم کے ساتھ پہلا ٹیسٹ 5 اگست کو شروع ہوگا، شیڈول کا باقاعدہ اعلان جمعے کو ہونے کا قوی امکان ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آنے کے بعد پی سی بی نے تربیتی کیمپ نہ لگانے کا فیصلہ کیا تھا، قومی کرکٹرز انگلینڈ میں 5 ہفتے کی ٹریننگ میں خود کو مشکل چیلنج کیلیے تیار کرنے کی کوشش کرینگے۔