news
English

انگلینڈ نے پاکستان کو ون ڈے کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست دے دی

مانچسٹر میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 154 رنز بنائے

انگلینڈ نے پاکستان کو ون ڈے کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست دے دی فوٹو: رائٹرز

انگلینڈ نے ون ڈے سیریز کے بعد اب پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی شکست دے دی۔

مانچسٹر میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز جیسن روئے اور جوز بٹلر نے کیا۔ ساتویں اوور میں انگلینڈ کی پہلی وکٹ گری جو کہ جوز بٹلر کی تھی۔ 22 گیندوں پر 21 رنز بنانے کے بعد بٹلر شاداب خان کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے۔ ان کے بعد ڈیوڈ میلان کریز پر پہنچے۔

دسویں اوور میں ٹیم کے 92 کے اسکور پر اوپنر جیسن روئے عثمان قادر کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں ںے 36 بالز پر جارحانہ 64 رنز بنائے جن میں 12 چوکے اور ایک چھکا شامل ہیں۔ ان کے بعد آنے والے جونی بیئراسٹو بھی دو اوور کے بعد ہی 5 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ڈیوڈ میلان  نے 33 گیندوں پر 31 رنز بنائے جب کہ معین علی نے ایک اور لیام لیونگ اسٹون چھ رنز بناسکے۔

پاکستان بیٹنگ

اس سے قبل میچ کا ٹاس قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے ٹیم کو 42 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم بابراعظم کے آؤٹ ہوتے ہی قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ناکام ہوگئی۔

بابراعظم 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، صہیب مقصود 13، محمد حفیظ 1، شاداب خان 2 اور عماد وسیم 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان نے فخرزمان کے ساتھ ملکر 45 رنز کی شراکت قائم کی لیکن فخرزمان 24 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ حسن علی نے 15 رنز بنائے۔

محمد رضوان نے نصف سنچری اسکور کی اور 76 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔  وہ آخری لمحات تک وکٹ پر رک کر اسکور کرنے کی کوشش کی تاہم وہ ٹیم کو بڑا ٹوٹل دینے میں ناکام رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے 4 اور معین علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، اعظم خان اور حارث رؤف کی جگہ حسن علی اور عثمان قادر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ انگلش ٹیم میں کپتان ایون مورگن اور ڈیوڈ ویلی کی واپسی ہوئی ہے۔

واضح رہے پاکستان نے پہلے میچ میں انگلینڈ کو 31 رنز سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے میچ میں قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔