قومی ٹیم کے سابق کپتان نے عندیہ دیا ہے کہ وہ بالآخر تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔
ٹیم پاکستان کے سابق آل راؤنڈر شعیب ملک نے قومی ٹیم میں واپسی سے انکار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے میں واپسی میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔
کرکٹ پاکستان کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں، شعیب ملک، جو پہلے ہی دو فارمیٹس سے ریٹائر ہو چکے ہیں، نے تصدیق کی کہ ان کے بین الاقوامی کرکٹ کے دن ختم ہو چکے ہیں۔
شعیب ملک نے کہا کہ نہیں، میں اتنے سال کھیلنے کے بعد خوش اور مطمئن ہوں۔ مجھے پاکستان کے لیے دوبارہ کھیلنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں پہلے ہی دو فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکا ہوں۔ میں لیگ کرکٹ کھیل رہا ہوں اور اپنے وقت سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔ جہاں بھی مجھے کھیلنے کا موقع ملتا ہے، میں اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا ہوں۔،،
جب ان سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوال کیا گیا تو سابق کپتان نے اشارہ دیا کہ وہ بالآخر تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ "مجھے کوئی دلچسپی نہیں ہے، لیکن جیسا کہ میں نے اپنے پچھلے انٹرویوز میں کہا تھا، میں ایک بار اور ہمیشہ کے لیے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کروں گا۔"
یہ بات قابل غور ہے کہ 42 سالہ کھلاڑی نے 124 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے، جس میں انہوں نے31.21 کی اوسط اور 125.64 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 2,435 رنز بنائے ہیں، جس میں نو نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مختصر فارمیٹ میں 28 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔
ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں شعیب ملک نے 542 میچز میں 13,360 رنز بنائے ہیں جن میں 83 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ وہ اس وقت اس فارمیٹ میں کرس گیل کے بعد دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، جنہوں نے 463 میچوں میں 14,562 رنز بنارکھے ہیں۔