فاسٹ بولرز میں آپشنز کم تھے، حسن علی نے لنکن لیگ میں اچھا کھیل پیش کیا،چیف سلیکٹر انضمام الحق
بھارت میں کھیلے جانے والے دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے ورلڈ کپ 2023 کے لیے پاکستان کرکٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا، انجری کا شکار نسیم شاہ کی جگہ حسن علی کو15رکنی حتمی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
بابر اعظم کو کپتان اور شاداب خان کو نائب کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ فٹنس مسائل سے دوچار فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ پیسر حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کے ساتھ ایک ہی وکٹ کیپر محمد رضوان بھارت جائیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ فاسٹ بولرز میں آپشنز کم تھے، حسن علی نے لنکن لیگ میں اچھا کھیل پیش کیا، حسن علی ٹیم مین بھی ہے اور اس کے آنے سے ٹیم میں انرجی آتی ہے۔
انضمام الحق نے کہا کہ ایشیا کپ کی ٹیم بناتے وقت حسن علی کی انگلی زخمی تھی اس لیے اسے شامل نہیں کیا گیا تھا، جبکہ فاسٹ بولرز میں احسان اللہ اور محمد حسنین بھی فٹنس مسائل سے دوچار ہیں لیکن ہم نے چھ ماہ سے بنے کمبی نیشن میں تبدیلی کی کوشش نہیں کی۔
انہوں نے بتایا کہ انجری سے نسیم شاہ کا بڑا نقصان ہوا ہے وہ اس وقت دنیا کا بہترین فاسٹ بولر ہے مگر افسوس ہے کہ رپورٹس کے مطابق نسیم شاہ ورلڈ کپ کے بعد بھی جلد نہیں کھیل سکے گا۔
قومی ٹیم کا 15 رکنی اسکواڈ:
کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، امام الحق، فخر زمان، عبداللہ شفیق، وکٹ کیپر محمد رضوان، سلمان علی آغا، افتخار احمد، سعود شکیل، محمد نواز، اسامہ میر، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، حارث روف اور حسن علی۔
محمد حارث، زمان خان اور ابرار احمد ریزرو کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اپنا پہلا وارم اَپ میچ نیوزی لینڈ کے خلاف 29 ستمبر کو کھیلے گا۔