news
English

ٹی20 ورلڈکپ 2024: پی سی بی کا قومی ٹیم کے پلیئنگ اسکواڈ کا اعلان

آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ ٹی 20 ورلڈکپ 2024ء کے لیے قومی ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔

ٹی20 ورلڈکپ 2024: پی سی بی کا قومی ٹیم کے پلیئنگ اسکواڈ کا اعلان

آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ کے لیے گرین شرٹس کے قومی اسکواڈ کا اعلان قومی سلیکشن کمیٹی نے لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ 
سلیکشن کمیٹی کے مطابق ورلڈکپ کے لیے اعلان کردہ حتمی اسکواڈ میں بابراعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان، فخرزمان، اعظم خان، عثمان خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی،  شاداب خان، محمد عامر، عباس آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔ 
پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کے مطابق قومی اسکواڈ میں شامل عثمان خان، اعظم خان، ابرار احمد، عباس آفریدی اور صائم ایوب پہلی بار ٹی20 ورلڈکپ کھیلیں گے۔
سلیکشن کمیٹی نے کہا ہے کہ ٹیم متوازن ہے جس میں تجربہ کار اور نوجوان کرکٹرز شامل ہیں، حارث رؤف فٹ ہیں، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ان کا کردار بہت اہم ہوگا۔ ٹی20 ورلڈکپ کیلئے قومی اسکواڈ کے اعلان کی ڈیڈ لائن 24 مئی تھی، چار ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے قومی ٹیم اس وقت انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلنے میں مصروف ہے۔
بعد ازاں یکم جون کو میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے انگلینڈ سے ہی امریکا روانہ ہوگی۔ 
واضح رہے کہ پاکستان ورلڈکپ 2024 کے گروپ اے میں روایتی حریف بھارت، آئرلینڈ، کینیڈا اور امریکا کے ساتھ موجود ہے۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 6 جون کو میزبان امریکا کے خلاف کھیلے گا۔ پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ 9 جون کو نیویارک میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان کینیڈا 11جون کو مدمقابل ہوں گے اسی طرح 16 جون کو پاکستان آخری گروپ میچ آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔