news
English

پاکستان کا بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کیلئے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان

شاہین آفریدی، بابراعظم اور محمد رضوان پلیئنگ اسکواڈ کا حصہ بننے میں کامیاب۔

پاکستان کا بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کیلئے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان

بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ 
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کا ٹریننگ کیمپ 11 اگست سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، ریڈ بال فارمیٹ کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کیمپ کی نگرانی کریں گے۔ بطور ہیڈکوچ جیسن گلیسپی کی یہ پہلی ٹیسٹ سیریز ہے جبکہ
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ 
بنگلادیش کی ٹیسٹ ٹیم 17 اگست کی صبح اسلام آباد پہنچے گی اور توقع ہے کہ وہ اسی روز دوپہر کو ٹریننگ کرے گی۔  
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی میں 30 اگست سے 3 ستمبر تک ہوگا۔ 
قومی ٹیم کیلئے سعود شکیل کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ کامران غلام، محمد علی اور محمد ہریرہ بھی اسکواڈ کا حصہ بننے میں کامیاب رہے ہیں۔  
سعود شکیل بنگلہ دیش اے کے خلاف پہلے چار روزہ میچ میں پاکستان شاہینز کی قیادت بھی کریں گے۔ 
ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان کا اسکواڈ اِن کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: 
شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل ( نائب کپتان)، عامر جمال ( فٹنس سے مشروط)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابراعظم، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان ( وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی۔ 
پاکستان شاہینز کا اسکواڈ: 
سعود شکیل (کپتان)، کامران غلام، مہران ممتاز، میرحمزہ، محمد علی، محمدرمیزجونیئر، محمد ہریرہ، نسیم شاہ، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، سعد خان، صائم ایوب، ثمین گل، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور عمرامین۔