روایتی حریف کو شکست دے کرپاکستان نے ایونٹ میں مسلسل تیسری جیت اپنے نام درج کر لی۔
برطانیہ میں جاری ورلڈ چیمپئین شپ آف لیجنڈز کے 8ویں میچ میں کامران اکمل اور شرجیل خان کی دھواں دھار اننگز کی بدولت پاکستان نے بھارتی چیمپئنز کو 68 رنز سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق برمنگھم میں کھیلے جارہے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے میچ میں پاکستان کے پہاڑ جیسے 243 رنز کے جواب میں بھارتی لیجنڈز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پرصرف 175 رنزبناسکی۔
بھارت کی جانب سے سریش رائنا سب سے نمایاں بیٹسمین تھے جنہوں نے 52 رنز کی اننگز کھیلی، روبن اُتھاپا 22، امباتی رائیڈو 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انوریت سنگھ نے 20 رنز بنائے جبکہ یوراج سنگھ 14 اور عرفان پٹھان نے 15 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض اور شعیب ملک نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ سہیل تنویر اور سہیل خان نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی، شرجیل خان 30 گیندوں پر 72 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے یوں 145 پر پاکستان کی پہلی وکٹ گری۔
پاکستان چیمپئنز کی بھارت کے خلاف دوسری وکٹ 189 رنز پر گری، کامران اکمل 40 گیندوں پر 77 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ صہیب مقصود نے 51 اور شعیب ملک نے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز اسکور کیے۔
بھارت کی جانب سے چار بولرز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پلیئنگ الیون:
پاکستان چیمپئنز: کامران اکمل (وکٹ کیپر)، شرجیل خان، صہیب مقصود، شعیب ملک، یونس خان (کپتان)، مصباح الحق، شاہد آفریدی، وہاب ریاض، سہیل تنویرم عامر یامین اور سہیل خان۔
انڈیا چیمپئنز : روبن اتھاپا (وکٹ کیپر)، امباتی رائیدو، سریشن رائنا، گورکیرت سنگھ من، عرفان پٹھان، یوسف پٹھان، پون نیجی، ہربھجن سنگھ (کپتان)، انوریت سنگھ، آر پی سنگھ، دھول کلکرنی۔