news
English

پاکستانی ٹیم نمبر1 کیسے بنی، مصباح نے حقائق سے پردہ اٹھادیا

ہم سی اور ڈی کلا سکی ٹکموں سے جیت کر نمبر ون بن گئے مگر ہمیں اصل حقائق کوبھی ذہن میں رکھنا چاہئے، مصباح الحق

پاکستانی ٹیم نمبر1 کیسے بنی، مصباح نے حقائق سے پردہ اٹھادیا

پاکستانی کرکٹ ٹیم صرف چند دن تک ہی کرکٹ کی دنیا میں نمبر ون رہنے کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئی مگر قومی ٹیم کس طرح دنیا کی ننمبر ون ٹیم بنی، سابق قومی کپتان مصباح الحق نے حقائق سے پردہ اٹھادیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ سے قبل نمبر ون ایک روزہ ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کیا تاہم یہ اعزاز صرف چند دن تک ہی برقرار رکھ سکی اور ایشیا کپ میں بھارت اور سری لنکا کے ہاتھوں عبرت ناک شکست کے بعد دوسرے نمبر پر چلی گئی۔
قومی ٹیم کیسے نمبر ون ٹیم بنی تھی اس پر سابق کپتان اور پی سی بی ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق نے بالآخر حقائق سے پردہ اٹھادیا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان سی اور ڈی کلاس کی ٹیموں سے کھیل کر آئی سی سی کی ٹاپ رینک ٹیم بنی۔ سابق کپتان نے حقائق بیان کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ دنیا کی بہترین ٹیمیں ہیں جو پاکستان آئیں مگر ہمیں یہ حقیقت نہیں بھولنی چاہیے کہ انہوں نے اپنی سی اور ڈی ٹیموں کو پاکستان بھیجا تھا جس میں ان کے اہم کھلاڑی شامل نہیں تھے۔
مصباح الحق نے کہا کہ آسٹریلیا کی سی کلاس، نیوزی لینڈ کی ڈی کلاس اور ویسٹ انڈیز کی کمزور ٹیموں سے جیت کر ہمارے ریٹنگ پوائنٹس بڑھ گئے اور ہم نمبر ون بن گئے مگر ہمیں اصل حقائق کو ذہن میں رکھنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی سی ٹیم بھی پاکستان سے ایک میچ جیت گئی جب کہ نیوزی لینڈ جس کی سی بھی نہیں بلکہ ڈی ٹیم پاکستان میں کھیل رہی تھی، اس کے اہم کھلاڑی آئی پی ایل میں چلے گئے تھے، تیسرے درجے کے کھلاڑی بھی ٹیم میں شامل نہیں تھے جب کہ ہماری بیسٹ الیون کھیل رہی تھی۔ مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان کو حقیقت پسندی سے سوچنے کی ضرورت ہے کہ وہ کہاں کھڑا ہے۔ ہمیں اصل حقائق کو ذہن میں رکھنا چاہیے اور نمبر ون بننے کا جشن نہیں منانا چاہیے۔ رینکنگ تب ہی اہمیت رکھتی ہے جب اپنے برابر کے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر جیتیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ سال مارچ میں آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز میں 1-2 سے جبکہ مئی 2023 میں نیوزی لینڈ کو 1-4 سے شکست دی تھی تاہم پاکستان ورلڈ کپ میں اپنے دونوں وارم اپ میچوں میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے ہار گیا۔
آج ورلڈ کپ کے باضابطہ میچ میں گرین شرٹس نیدرلینڈز کے مقابل آئیں گے۔