news
English

پاکستان نے ون ڈے کرکٹ میں 500 فتوحات حاصل کرلیں

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں کامیابی سمیٹنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایک روزہ فارمیٹ میں مجموعی طور 500 فتوحات مکمل کرلیں۔

پاکستان نے ون ڈے کرکٹ میں 500 فتوحات حاصل کرلیں

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ٹیم کی فتح کے ساتھ ہی سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کی کہ گرین شرٹس نے ون ڈے فارمیٹ میں 500 فتوحات حاصل کرلی ہیں، جس کے ساتھ پاکستانی ٹیم یہ اعزاز پانے والی دنیا کی تیسری ٹیم بن چکی ہے۔

اس سے قبل آسٹریلیا اور بھارت پانچ، پانچ سو ون ڈے میچز جیت چکے ہیں۔ آسٹریلیا نے 978 میچز کھیل کر 594 ون ڈے انٹرنیشنلز میں کامیابی حاصل کی جبکہ بھارت نے 1029 میچز میں سے 539 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں کامیابی سمیٹی ہے۔ 

 قومی ٹیم نے سب سے زیادہ میچز سری لنکا کے خلاف کھیلتے ہوئے جیتے جن کی تعداد 92 ہے، بھارت کے خلاف 73، ویسٹ انڈیز کے خلاف 63 ون ڈے، نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان نے 57 اور زمبابوے کے خلاف 54 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔

اسی طرح آسٹریلیا کے خلاف 34، بنگلادیش اور انگلینڈ کے خلاف 32، 32 فتوحات حاصل کررکھی ہیں۔