news
English

ویزامسائل: پاکستانی نژادانگلش اسٹار شعیب بشیرکی بھارت آمد تاخیرکا شکار

آئندہ سیریز کے لیے انگلینڈ کی ٹیم میں شامل تین ان کیپڈ کھلاڑیوں میں سے ایک شعیب بشیرکے والدین کا تعلق پاکستان سے ہونے کی وجہ سے انہیں بھارتی ویزا ملنے میں مسائل کا سامناہے۔

ویزامسائل: پاکستانی نژادانگلش اسٹار شعیب بشیرکی بھارت آمد تاخیرکا شکار

والدین کا پاکستان سے تعلق ہونے کے باعث انگلش اسپنر کو بھارت آنے سے روک دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے نوجوان بولر شعیب بشیر کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم نے پیرکے روز بتایا کہ پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے شعیب کی ہندوستان آمد ویزا مسائل کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے۔ 
کہا جارہا ہے کہ انگلش اسپنر کو والدین کا پاکستان سے تعلق ہونے کی وجہ سے بھارت آنے سے روکا جارہا ہے، جبکہ انگلش بورڈ بی سی سی آئی اور بھارتی حکومت سے بات چیت کرکے اس معاملے کو حل کرانے کی کوشش کررہا ہے۔ 
ویزا مسائل کے سبب نوجوان انگلش کرکٹر شعیب بشیر شیڈول کے مطابق بھارت کا سفر نہیں کرسکے، ان کے بغیر انگلش ٹیم حیدر آباد دکن پہنچ چکی ہے، انگلش بورڈ کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی اور بھارتی حکومت کے ساتھ بات چیت کے ذریعے اس معاملے کو حل کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔ 
برطانیہ کے علاقے سمرسٹ سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ آف اسپنر کے والدین کا تعلق پاکستان سے ہے، ابوظبی میں ان کے ہمراہ ای سی بی کے نئے منیجنگ ڈائریکٹر اسٹورٹ ہوپر موجود ہیں جبکہ ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اسے (شعیب بشیر کو) اپنے ویزے کے ذریعے آنے میں کچھ مسائل درپیش ہیں، ہمیں (بھارتی کرکٹ بورڈ) اور بھارتی حکومت کی مدد سے یقین ہے کہ اس مسئلے کو بہت جلد حل کرلیا جائے گا۔  
انہوں نے مزید کہا کہ ہم امید کر رہے ہیں کہ آج یہ خبر آئے گی کہ اس کا ویزا منظور ہوگیا ہے، پھر ہم اسے اس سیریز میں ڈیبیو کیپ دیں گے۔واضح رہے کہ شعیب بشیر آئندہ سیریز کے لیے انگلینڈ کی ٹیم میں شامل تین ان کیپڈ کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جن کے بارے میں امید کی جارہی ہے کہ وہ انڈیا انگلیڈ ٹیسٹ سیریز میں ڈیبیو کریں گے۔