news
English

کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی، نیوزی لینڈ کی پاکستانی کرکٹرز کو آخری وارننگ

کرائسٹ چرچ میں جس ہوٹل میں پاکستانی کرکٹر موجود ہیں، اس کے راہداری میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے انہیں خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا

کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی، نیوزی لینڈ کی پاکستانی کرکٹرز کو آخری وارننگ فوٹو: پی سی بی

 لاہور: کوویڈ پروٹوکول کی خلاف ورزی پر وزارت صحت نیوزی لینڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کو آخری وارننگ جاری کردی۔

نیوزی لینڈ میں موجود پاکستانی ٹیم کو کوویڈ پروٹوکول کی خلاف ورزی پر نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کی جانب سے آخری وارننگ جاری کردی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق متعدد پاکستانی کرکٹرز نے آئسولیشن کے لیے وضع کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہیں کیا۔

کرائسٹ چرچ میں جس ہوٹل میں پاکستانی کرکٹر موجود ہیں، اس کے راہداری میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے انہیں خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا۔ قومی کرکٹرز نے بغیر ماسک کھانا وصول کیا اور کمرے کے دروازے کھول کر ایک دوسرے سے گپ شپ کرتے دکھائی دیے۔

نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کی جانب سے لکھے گئے اس وارننگ لیٹر میں تمام کھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ کو اپنے کمروں تک محدود رہنے اور کوویڈ پروٹوکول پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے جب کہ جن کرکٹرز کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے ان کی اب 4 بار ٹیسٹنگ ہوگی۔