news
English

سابق فرسٹ کلاس کرکٹرعلی ضیا 66برس کی عمرمیں انتقال کرگئے  

علی ضیاء نے 165 فرسٹ کلاس میچوں میں 8,579 رنز بنائے اور 241 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے پاکستان انڈر 19 ٹیموں کے منیجر کے طور پر پی سی بی کی خدمات انجام دیں اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھی اپنا کردار اداکیا۔

سابق فرسٹ کلاس کرکٹرعلی ضیا 66برس کی عمرمیں انتقال کرگئے  

سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اور سابق جی ایم نیشنل کرکٹ اکیڈمی علی ضیاء 66 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق علی ضیاء کے صاحبزادے حسن ضیاء نے اپنے والد کے انتقال کی تصدیق کی۔ 
علی ضیاء علالت کے باعث گزشتہ 10 روز سے لاہور کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ 
انہوں نے 165 فرسٹ کلاس میچوں میں 8 ہزار 579 رنز بنائے اور 241 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے پاکستان انڈر 19 ٹیموں کے منیجر کے طور پر پی سی بی میں خدمات انجام دیں، وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سابق سینئر جنرل مینجر کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔ 
قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے علی ضیاء کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان انڈر 17 اور انڈر 19 میں میرے پہلے مینیجر تھے، اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ 
پی سی بی اور شاداب خان کے علاوہ قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد، بولنگ کوچ عمر گل اور دیگر کرکٹرز نے بھی علی ضیا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔