news
English

ویمنز ایشیا کپ؛ پاکستان نے سری لنکا کو23 رنز سے ہرا دیا

ندا ڈار پلیئر آف دی میچ قرار پائی

ویمنز ایشیا کپ؛ پاکستان نے سری لنکا کو23 رنز سے ہرا دیا Photo Courtesy: ACC

لاہور: ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں پاکستان نے سری لنکا کو 23 رنز سے ہرا دیا۔ ندا ڈار نے 5 شکار کیے، کپتان بسمعہ معروف نے ناقابل شکست 60 رنز کی اننگز کھیلی۔

کوالالمپور میں جاری ایونٹ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان بسمعہ معروف نے 41 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ناہیدہ خان نے 38 اور جویریہ خان نے 13 رنز بنائے، سری لنکا کی جانب سے سوگندیکا کماری نے 2 جبکہ انوکا راناویرا اور نیلاکشی ڈی سلوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں سری لنکن ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر 113 رنز بنا پائی، یاسودا مینڈس 25، نیپونی ہنسیکا 24، کپتان شاشیکالا سری وردنے 13رنز بنا پائیں، 6 بلے باز دوہرا ہندسہ عبور نہ کر سکیں، پاکستان کی جانب سے ندا ڈار نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 21 رنز کے عوض 5 شکار کیے، نشرہ سندھو اور بسمعہ معروف نے ایک ایک وکٹ اڑائی۔ ندا ڈار پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔