سری لنکا کی ٹیم 196 رنزپر ڈھیر، قومی ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنا لیے، شان مسعود کی جارحانہ بیٹنگ
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے تقریباً ایک سال بعد ریڈ بال کرکٹ میں واپسی کی ہے اور آتے ہی عمدہ بولنگ سے اپنے بلند عزائم ظاہر کردیے۔
شاہین آفریدی نے ہمبنٹوٹا میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورۂ سری لنکا کے پہلے پریکٹس میچ میں عمدہ بولنگ کرتے ہوئے37 رنز دے کر 3وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے کامندو مینڈس کو وکٹ کیپر سرفرازاحمد کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ کاوشکا انجولا کو بولڈ کیا جبکہ وکرما سنگھے کا کیچ سلپ میں عبداللہ شفیق نے کیا۔
یاد رہے کہ شاہین شاہ آفریدی گزشتہ سال پاکستانی ٹیم کے دورۂ سری لنکا کے گال ٹیسٹ میں گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے جس کی وجہ سے وہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز نہیں کھیل پائے تھے۔
شاہین آفریدی کو ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے کے لیے صرف ایک وکٹ درکار ہے۔ ہمبنٹوٹا میں دو روزہ پریکٹس میچ کے پہلے دن شاہین آفریدی اور حسن علی کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں سری لنکن ٹیم 46 اعشاریہ 3 اوورز میں 196 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
میزبان ٹیم کی اننگز کی خاص بات اوشادا فرنینڈو کی سنچری تھی جنہوں نے 127 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے18 چوکوں کی مدد سے113 رنز اسکور کیے۔ 31 سالہ فرنینڈو 21 ٹیسٹ میچوں میں سری لنکا کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ شاہین آفریدی نے 12 اوورز میں 37 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسن علی نے22 رنز کے عوض3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
عامر جمال اور لیگ اسپنر ابرار احمد نے 33 اور 52 رنز دے کر دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے تھے۔ شان مسعود نے 66 گیندوں پر نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 83 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
امام الحق 36 اور عبداللہ شفیق 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بابراعظم 14 اور سعود شکیل صفر پر ناٹ آؤٹ تھے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا باضابطہ ٹیسٹ میچ اتوار سے گال میں کھیلا جائے گا۔