news
English

پانچواں ٹی20: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے دی

ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم 42 رنز سے ہار گئی اور صرف 92 رنز بنا سکی، افتخار احمد میچ کے بہترین کھلاڑی قرار۔

پانچواں ٹی20: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے دی

کرائسٹ چرچ میں ہونے والے ٹی20 سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو بالآخر شکست دے دی۔ 
کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے ٹی20 سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں، حارث رؤف، صائم ایوب اور محمد وسیم جونیئر کی جگہ اسامہ میر، حسیب اللہ اور عباس آفریدی کو موقع دیا گیا۔ 
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 135رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں کیوی ٹیم صرف 92 رنز بناسکی اور 42 رنز سے ہارگئی۔ آل راؤنڈر افتخار احمد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ کپتان شاہین آفریدی اور محمد نواز نے 2، 2 شکار کیے، اسی طرح زمان خان اور اسامہ میر ایک، ایک وکٹ لے سکے۔ 
 
پہلی اننگز میں اوپنر حسیب اللہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، بعدازاں بابر اعظم اور محمد رضوان نے وکٹ محفوظ رکھتے ہوئے 53 رنز بنائے، بابر اعظم 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ فخر زمان نے محمد رضوان کا ساتھ دیا اور دھواں دھار اننگز کھیلتے ہوئے 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 
بعدازاں محمد نواز 1 اور افتخار احمد 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ ساتھ ہی محمد رضوان بھی 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان شاہین آفریدی صرف 1 رن بناسکے، صاحبزادہ فرحان نے 19 رنز اسکورکیے جب کہ عباس آفریدی 14 اور اسامہ میر ایک رن بنا کر وکٹ پرموجود رہے۔ 
جواب میں پاکستانی پیسرز کے آگے کیوی بیٹرز کی ایک نہ چلی، اوپنر فن ایلن 22 اور راچن رویندرا صرف 1 رن بنا سکے، ول ینگ نے 12 اور مارک چیپمین نے ایک رن اسکور کیا اور پویلین لوٹ گئے، ٹیم سائفرٹ نے 19 رنز بنائے۔ کیوی کپتان مچل سینٹنر بھی ٹیم کو سہارا نہ دے سکے اور 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ 
بعدازاں میٹ ہینری اور ایش سودی صرف ایک، ایک رن پر اپنی وکٹیں افتخار کو دے بیٹھے، کیوی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے گلین فلپس 26 رنز بنا سکے اور ساتھی بلے باز لوکی فرگوسن بغیر کوئی رن اسکور کیے شاہین آفریدی کا شکار بنے۔ اس طرح نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم صرف 92 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اور 42 رنز کے بڑے مارجن سے ہارگئی۔
پانچ میچز کی سیریز میں لگاتار چار میچ یارنے کے بعد گرین شرٹس پانچواں میچ جیت کر وائٹ واش کی خفت سے بچ گئی۔