news
English

پاکستانی ٹیم کے فٹنس مسائل میں کمی آنے لگی

 بھارت سے ورلڈکپ میں میچ ہار توگئے مگر اس سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا،ہیڈ کوچ

پاکستانی ٹیم کے فٹنس مسائل میں کمی آنے لگی

پاکستانی ٹیم کے فٹنس مسائل میں کمی آنے لگی جب کہ اسامہ میر بخار اور فخر زمان گھٹنے کے درد سے مکمل نجات پا چکے ہیں۔ 
ورلڈکپ کے لیے بھارتی شہر بنگلورو میں موجود پاکستانی ٹیم نے گذشتہ روز آرام کیا، کچھ کھلاڑیوں نے ہوٹل میں ہلکی پھلکی جم ٹریننگ کی، آج ٹیم کا پریکٹس سیشن شام 6 سے رات 9 بجے تک شیڈول ہے۔ 
ذرائع کے مطابق اسامہ میر بخار میں مبتلا تھے اور فخر زمان گھٹنے کے درد کا شکار تھے تاہم اب دونوں کھلاڑی صحتیاب ہوچکے ہیں۔ گرین شرٹس میگا ایونٹ میں اپنا چوتھا میچ جمعے کے روز چناسوامی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کیخلاف کھیلیں گے، یاد رہے کہ بھارت سے میچ میں پاکستان ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔  
قومی ٹیم کے ہیڈکوچ بریڈبرن اس ناکامی کو بھی سیکھنے کے لیے ایک اچھا سبق قرار دے رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ ہمیں بھارتی کنڈیشنز میں کھیلنے کا تجربہ حاصل ہورہا ہے، میزبان سے ہونے والے میچ میں ہم اپنی اننگز کے آدھے راستے تک درست جارہے تھے ، میں یہ نہیں کہتا کہ ہم وہاں تھے جہاں ہونا پسند کرتے، میں زیادہ جارحانہ کھیل پسند کرتا۔ 
بریڈبرن کا کہنا تھا کہ ہر کوئی یہ بات جانتا ہے کہ ہم اپنے پلیئرز سے ان کی صلاحیتوں سے کچھ بڑھ کر چاہتے ہیں، اس لیے میں نہیں سمجھتا کہ پہلے ہاف میں ہم نے اس چیز کا کوئی مظاہرہ کیا، جس طرح ہماری وکٹیں گریں یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم ہروقت سیکھنے میں مصروف رہتے ہیں، ہردن ہی سیکھنے کے لیے اچھا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارت کے خلاف میچ میں دیکھا کہ اننگز کا آغاز کرنا کتنا مشکل تھا، ہمارے کچھ کھلاڑیوں نے اچھا آغاز کیا مگر وہ بہتر طور پر فنش نہیں کرسکے۔ بریڈبرن نے مزید کہا کہ ہم ایک 330 پلس رنز بنانے والی ٹیم بننا چاہتے ہیں۔