news
English

پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء کے لئے براہ راست کوالیفائی کرلیا 

2024 میں سپر ایٹ تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں میں افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔

پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء کے لئے براہ راست کوالیفائی کرلیا 

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء کے لیے کوالیفائیڈ ٹیموں کی تصدیق کردی۔ آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں پاکستان بھی شامل ہے۔ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بہتر رینکنگ کی بنیاد پر ورلڈ کپ 2026ء کے لیے براہ راست کوالیفائی کیا ہے۔ 
یاد رہے کہ پاکستان رواں برس ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں نہیں پہنچ سکا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا سمیت دیگر فورمز پر غلط بیانی پھیلائی جارہی تھی کہ اگلے ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کو کوالیفائرز میچز کھیلنے پڑیں گے تاہم آئی سی سی کی طرف سے اب بتایا گیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء کے لئے مجموعی طور پر 12 ٹیموں نے براہ راست کوالیفائی کیا ہے جن میں گرین شرٹس بھی شامل ہیں۔ میزبان سری لنکا اور بھارت کے علاوہ افغانستان نے بھی کوالیفائی کیا ہے جبکہ دیگر ٹیموں میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، امریکا، آئرلینڈ اور نیوزی لینڈ بھی شامل ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء میں بھی 20 ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی جبکہ باقی 8 ٹیموں کا انتخاب گزشتہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی طرح ریجنل کوالیفائر کے ذریعے ہوگا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء حال ہی میں ختم ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے فارمیٹ پر ہی کھیلا جائے گا جس میں 20 ٹیموں کو 4 گروپس میں رکھا جائے گا اور 8 ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
واضح رہے کہ 2026ء میں بھارت اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔